بے بنیاد دھمکی :دہلی جانے والے طیارہ میں دھماکو مادہ نہیں ملا

بنگلور۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کوچی سے دہلی جانے والے ایرانڈیا کے ایک طیارہ میں بم موجود ہونے کی دھمکی غلط ثابت ہوئی۔ اس طیارہ میں 164 افراد سوار تھے جس میں ایرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، لیکن بم کی موجودگی کی دھمکی بے بنیاد ثابت ہوئی۔ کمشنر پولیس لا اینڈ آرڈر کمل پنت نے کہا کہ ایربس 320 (ایرانڈیا کی پرواز 47 ) کی مکمل تلاشی لی گئی جبکہ طیارہ نے گزشتہ رات ہنگامی لینڈنگ کی لیکن کوئی دھماکو مادہ دستیاب نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کے تمام سامان کی بھی تلاشی لی گئی۔ ایرانڈیا کے ترجمان نے کہا کہ ایرپورٹ پر پھنسے ہوئے مسافروں کو دوسری پرواز سے آج علی الصبح دہلی روانہ کردیا گیا۔ پرواز میں 156 مسافر اور 8 ارکان عملہ تھے جو کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایرپورٹ پر نامعلوم شخص کی طیارہ میں بم کی موجودگی کی اطلاع پر یہاں اُتر گیا تھا۔ یہ طیارہ کوچی سے رات 8بجکر 40 منٹ پرروانہ ہوا تھا۔ ایک ٹیلی فون کال میں اطلاع دی گئی تھی کہ طیارہ میں بم موجود ہے ، ایرلائن اور پولیس کے عہدیداروں نے کہا کہ پائلٹ سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی ہے تاہم وہ اس اطلاع کے بارے میں لاعلم تھے۔