بے بنیاد الزامات ، ریونت ریڈی کے خلاف رامیشور راؤ کا مقدمہ ہتک عزت

حیدرآباد۔/8اکٹوبر، ( سیاست نیوز ) صدر نشین مائی ہوم مسٹر رامیشور راؤ نے ان پر عائد کردہ غلط و بے بنیاد الزامات پر رکن اسمبلی تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرنے کیلئے باقاعدہ طور پر نوٹسیں جاری کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر رامیشور راؤ کے وکیل کی جانب سے غلط و بے بنیاد الزامات کے ذریعہ نہ صرف ہتک عزت کا مقدمہ درجہ کرنے بلکہ عائد کردہ الزامات پر 90کروڑ روپئے بطور ہرجانہ ادا کرنے کی کونوٹسیں جاری کی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ عرصہ کے دوران رکن اسمبلی تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ حکومت پر میٹرو ریل کیلئے الاٹ کردہ اہم اراضی کا کچھ حصہ صدرنشین مائی ہوم مسٹر رامیشور راؤ کو الاٹ کرنے کا الزام عائد کیا تھا جبکہ اس سلسلہ میں حکومت نے بھی کسی زمین کے الاٹ کئے جانے کی تردید کی تھی۔ لیکن اس کے باوجود مسٹر ریونت ریڈی نے صدرنشین مائی ہوم مسٹر رامیشور راؤ کو معمولی رقومات کے عوض قیمتی میٹرو ریلے پراجکٹ کی اراضی الاٹ کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کی روشنی میں ہی مسٹر راجیشور راؤ نے رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی کے خلاف نہ صرف ہتک عزت بلکہ ہرجانہ بھی ادا کرنے کیلئے نوٹسیں جاری کئے گئے ہیں۔اسی دوران مسٹر ریونت ریڈی نے ان نوٹسوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر رامیشورراؤ کو اراضی الاٹ کرنے کے عائد کئے گئے الزامات پر آج بھی وہ قائم ہیں اور ثابت کردکھائیں گے۔