دسویں جماعت تک اُردو، عربی یا فارسی لازمی ،8 اگست آخری تاریخ : پرنسپل
حیدرآباد۔ 20 جولائی (پریس نوٹ) بی یو ایم ایس کورس برائے گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج حیدرآباد و عبدالحق یونانی میڈیکل کالج کرنول کیلئے رجسٹرار ڈاکٹر این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس وجئے واڑہ نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ ڈاکٹر واسعیہ نوید پرنسپل گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج نے بتایا کہ بی یو ایم ایس کورس میں داخلہ کیلئے انٹرنس امتحان میں شرکت کے خواہشمند طلباء و طالبات کیلئے ضروری ہے کہ وہ دسویں جماعت کا امتحان اُردو یا عربی یا فارسی مضمون کے ساتھ کامیاب کئے ہوں اور انٹرمیڈیٹ کا امتحان فزکس، کیمسٹری اور بیالوجی مضامین کے ساتھ 50% نشانات کے ساتھ کامیاب کئے ہوں اور جن کی عمر 31 ڈسمبر 2014ء کو 17 سال مکمل ہونا چاہئے ۔ بی یو ایم ایس کورس میں داخلے کیلئے منعقدہ انٹرنس امتحان میں شرکت کے اہل ہیں۔ ڈاکٹر واسعیہ نوید نے بتایا کہ درخواست یونیورسٹی کی ویب سائیٹ ntrutis.ap.nic.in سے 19 جولائی تا اور 7 اگست 2014ء کے درمیان ڈاؤن لوڈ کریں۔ درخواست فارمس کے ساتھ پراسپیکٹس اور ریگولیشن جملہ 22 صفحات ہوتے ہیں۔ پرنسپل نظامیہ طبی کالج نے بتایا کہ درخواست فارم کے ساتھ ڈیمانڈ ڈرافٹ اور تمام اسنادات کے زیراکس کاپیاں پر تصدیق کردہ ہو۔ گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج پر 18 اگست شام 5 بجے سے پہلے داخل کروادیں۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست فارم یونیورسٹی کو راست روانہ کرنے پر ناقابل قبول ہوں گے اور ردکردیئے جائیں گے۔ پرنسپل نے وضاحت کی کہ ہال ٹکٹس 21 اور 22 اگست کو صبح 10 بجے تا 5 بجے شام گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج سے حاصل کرسکتے ہیں۔ جبکہ انٹرنس امتحان 24 اگست کو صبح 10 بجے تا ایک بجے دن عثمانیہ میڈیکل کالج، کوٹھی پر منعقد ہوگا۔