بی ڈی ایل میں دھماکہ ، 4 زخمی ‘ایک کی حالت تشویشناک

حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : بھارت ڈائنامکس لمٹیڈ کنچن باغ کے احاطہ میں ناکارہ دھماکو مواد کی نکاسی کے دوران زور دار دھماکہ ہوگیا جسکے نتیجہ میں کم از کم چار افراد زخمی ہوگئے ۔ بی ڈی ایل میں یہ دھماکہ روزمرہ دھماکو مواد کے کچرے کی صفائی اور ناکارہ مواد کو کنڈی میں جلاتے وقت ہوا ۔ جس میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ اے سی پی سنتوش نگر نے کہا کہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ تمام زخمیوں کا ڈی آر ڈی او کے قریب واقع اپالو ہاسپٹل میں علاج کیا جارہا ہے ۔ اے سی پی نے کہا کہ دھماکہ 10 بجے دن ہوا ۔ کنٹراکٹ ملازم نوین گوڑ شدید زخمی ہوا ۔ دیگر 3 کی شناخت سی آئی ایس ایف کے فائر کانسٹبل ایس پی سنگھ ، بی ڈی ایل کے ڈرائیور رزاق اور بی ڈی ایل ملازم وہاب کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ ایک حادثاتی واقعہ ہے جو کچرے کی نکاسی کے دوران پیش آیا ۔ بی ڈی ایل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ادارہ کے پیداواری یونٹ سے ایک کیلو میٹر دور موجود محفوظ کنڈی میں کچرا جلایا جاتا ہے ۔ اس دوران تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے اپولو ہاسپٹل پہونچ کر زخمیوں کی عیادت کی ۔