ڈاکٹرس سے معلومات کا حصول، ڈپٹی چیف منسٹر کا دورہ ہاسپٹل
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج اپولو ہاسپٹل کنچن باغ پہنچ کر دفاعی ادارے بھارت ڈینامکس لمیٹیڈ ( بی ڈی ایل ) میں پیش آئے واقعہ کے زخمیوں کی عیادت کی ۔ بی ڈی ایل میں آج ایک کیمیاوی دھماکہ میں پانچ ملازمین زخمی ہوگئے تھے جنہیںعلاج کیلئے اپولو ہاسپٹل کنچن باغ میں شریک کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹرنے زخمی ملازمین پروین گوڑ ‘وہاب ‘ایس پی سنگھ‘ رزاق اور گوپال راو کی عیادت کی اور علاج کے بارے میں ڈاکٹرس سے معلومات حاصل کیں ۔انہوں نے ہاسپٹل کے حکام کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے علاج پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ محمود علی نے صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر بی ڈی ایل اودے بھاسکر سے بھی ملاقات کی اور واقعہ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کو چوکسی اور احتیاطی اقدامات کے ذریعہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے زخمیوں کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور موثر علاج کے انتظامات کا تیقن دیا ۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرہ سے باہر ہے ۔