حیدرآباد ۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے گذشتہ دو دن قبل انتظامی بنیادوں پر بڑے پیمانے پر نظم و نسق میں ردوبدل کرتے ہوئے آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے عمل میں لاکر احکامات جاری کئے تھے۔ ان احکامات کی روشنی میں آج کئی ایک آئی اے ایس عہدیداروں نے اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ حاصل کرلیا۔ مسٹر آر وی چندرا ودن سکریٹری محکمہ محنت و روزگار اور کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے حکومت کے احکامات کی روشنی میں آج بحیثیت کمشنر محکمہ نشہ بندی و آبکاری کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ اسی طرح مسٹر بی پی آچاریہ پرنسپل سکریٹری منصوبہ بندی نے بہ اعتبار عہدہ سکریٹری اور کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی حیثیت سے زائد ذمہ داری کا مسٹر چندرا ودن سے جائزہ حاصل کرلیا۔ شریمتی شالینی مشرا نے آج بحیثیت منیجنگ ڈائرکٹر واٹر گرڈ اپنی نئی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کرلیا۔ ایک اور سینئر آئی اے ایس عہدیدار مسٹر پردیپ چندرا نے بحیثیت پرنسپل سکریٹری محکمہ فینانس اپنے نئے عہدے کا جائزہ حاصل کرلیا۔