محکمہ ڈاک میں یہ اعلیٰ عہدہ حاصل کرنے والے مسٹر سدھاکر پہلے تلگو شخص
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : بی وی سدھاکر کو بحیثیت سکریٹری محکمہ ڈاک ترقی دی گئی ہے ۔ وہ محکمہ ڈاک میں یہ ٹاپ عہدہ حاصل کرنے والے پہلے تلگو شخص ہیں ۔ قبل ازیں وہ نئی دہلی میں اس محکمہ میں ممبر ( ٹکنالوجی ) تھے اور انہوں نے محکمہ ڈاک میں کور بنکنگ ، رورل آئی سی ٹی پروگرام متعارف کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔ 18 اپریل 1957 کو کماپالیم ولیج ، ضلع نیلور میں پیدا ہوئے ۔ سدھاکر نے آل سینٹس ہائی اسکول اور سینٹ پالس ہائی اسکول ، حیدرآباد میں تعلیم حاصل کی ۔ عالیہ جونیر کالج سے انٹرمیڈیٹ کی تکمیل کے بعد انہوں نے نیو سائنس کالجس سے بی ایس سی کیا اور عثمانیہ یونیورسٹی سے ایم ایس سی ( فزیکس ) ، ایم فل اور ایم بی اے کیا ۔ محکمہ ڈاک میں شامل ہونے سے قبل انہوں نے 1978-81 کے دوران اے پی کوآپریٹیو بنک حیدرآباد میں بحیثیت منیجر کام کیا ۔ انہیں 1981 میں انڈین پوسٹل سروسیس کے لیے منتخب کیا گیا ۔ اس کے بعد انہوں نے اے پی ، تلنگانہ ، ٹامل ناڈو ، مہاراشٹرا ، مغربی بنگال اور نئی دہلی میں محکمہ ڈاک میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں ۔۔