عوام پریشان ، فلاح و بہبود کے کام ٹھپ ، سی پی آئی کونسل اجلاس ، وینکٹ ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سی پی آئی کونسل کے اجلاس کے آخری دن چاڈا وینکٹ ریڈی اسٹیٹ سکریٹری سی پی آئی نے بتایا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں عوام کی فلاح و بہبود پر ہر محاذ میں ناکام ہوچکی ہے ۔ مودی حکومت جمہوری اداروں اور سرکاری شعبہ جات کو کالعدم کرتے ہوئے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کررہی ہے ۔ اس لیے طئے کیا گیا کہ سی پی آئی اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات میں مختلف طبقات ، اقلیتوں کے لیے جو اقدامات کررہی ہے ۔ اسے واشگاف کرے ۔ واضح رہے کہ حیدرآباد میں تلنگانہ اسٹیٹ کونسل کا دو روزہ اجلاس پارٹی کے دفتر میں منعقد کیا گیا تھا ۔ اس پریس کانفرنس میں محترمہ پرسیا پدما اسٹیٹ سکریٹریٹ ممبر سی پی آئی ، ٹی سرینواس سکریٹریٹ ممبر ، مسٹر والاملیش اسٹیٹ سکریٹریٹ ممبر اور دوسرے موجود تھے ۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے بی جے پی اور ٹی آر ایس حکومت کی پالیسیوں پر شدید مذمت کی اور کہا کہ بی جے پی ملک گیر سطح پر اور ٹی آر ایس ملی بھگت سے ریاستی سطح پر اپنی من مانی کا رویہ اختیار کرتے ہوئے عوام کو پریشان کررہی ہے ۔ بی جے پی ملی بھگت سے کے سی آر نے سیکولر ڈیموکریٹک لفٹ فرنٹ کے قیام کا اعلان کیا اور ریاستی وزیر اعلی اور سیاسی قائدین سے ملاقات اور گفت و شنید کی لیکن انہیں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ۔ تلنگانہ ریاست میں سی پی آئی ایک مضبوط اور ٹھوس بنیادوں پر سیاسی پارٹیوں سی پی آئی ( ایم ) سی پی آئی ، تلنگانہ جنا سمیتی ، ٹی ڈی پی اور دوسروں کو لے کر متحدہ فرنٹ بنانے تیار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2 جون کو تلنگانہ جدوجہد میں جن جہد کاروں نے بڑی ہی سرگرمی کے ساتھ حصہ لیا ۔ اور جان بحق ہوئے ان کی یاد میں سی پی آئی ’ یوم سادھنا ‘ ضلعی ، منڈل اور دیہاتوں کی سطح پر منا رہی ہے ۔ اور اس سے قبل یکم جون کو حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر گیت ، مضمون کے پروگرام منعقد کرے گی تاکہ اس پروگرام کے ذریعہ جن افراد نے تحریک تلنگانہ کی جدوجہد میں حصہ لیا ۔ انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔ 9 مئی کو ملک بھر میں کھانا پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور حکومت نے اپنی میعاد میں کسانوں کے لیے جو پروگرام و پالیسی مرتب کی تھی اس میں کتنے فیصد عمل آوری کرلی اسے بھی پیش کیا جائے گا ۔ اور ساتھ ہی کسانوں کی بہتری ، قرضوں کی فراہمی اور کتنے فیصد کسانوں کے قرضوں کی معافی کی گئی انہیں بھی پیش کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ 17 مئی تا 23 مئی کو ایک جامع پروگرام ٹریڈ یونینس ، کسانوں ، طلباء اور نوجوانوں ، خواتین و طالبات کو لے کر ریاست گیر سطح پر رکھا جائے گا ۔۔