کانگریس کثرت میں وحدت کے نظریہ پر کاربند، عوام کو متحد کرنے کی کوشش میں مصروف، برلن میں ہندوستانی برادری سے راہول گاندھی کا خطاب
نئی دہلی ۔ 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کہا ہیکہ ان کی پارٹی ہندوستان کے عوام کو متحد کررہی ہے جس کے برخلاف آر ایس ایس ۔ بیج پی نفرت پھیلاتے ہوئے انہیں تقسیم کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے گذشتہ رات برلن میں انڈین اوورسیز کانگریس کے زیراہتمام منعقدہ ایک تقریب میں ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس، گرونانک دیوجی کے زمانہ سے جاری کثرت میں وحدت کے نظریہ پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اپنے ملک میں بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ طویل تقریریں کی جارہی ہیں اور نفرت پھیلائی جارہی ہے۔ کسان خودکشیاں کررہے ہیں۔ نوجوان اپنے لئے محفوظ مستقبل کی تلاش سے قاصر ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ’’کانگریس سب کی جماعت ہے۔ سب کیلئے کام کررہی ہے۔ ہمارا کام کثرت میں وحدت کا نظریہ پھیلانا ہے (لیکن) ہندوستان میں موجودہ حکومت کچھ اور انداز میں کام کررہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کا مقابلہ چین سے ہے اور ملازمتیں ادھر آنا ہوگ یا پھر ادھر چلی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی۔ آر ایس ایس کے لوگ خود اپنے ہی عوام کو تقسیم کررہے ہیں۔ وہ اپنے ہی ملک میں نفرت پھیلا رہے ہیں۔ ہمارا کام عوام کو یکجا اور متحد کرنا ہے۔ ملک کو آگے بڑھانا ہے۔ ہم بتا چکے ہیں کہ یہ کام کیسے کیا جاسکتا ہے‘‘۔ کانگریس کے صدر نے پھر ایک مرتبہ دعویٰ کیا کہ چین ہر 24 گھنٹے میں 50,000 ملازمتیں پیدا کررہا ہے اورہندوستان اس مدت میں صرف 450 روزگار فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان بھی آگے بڑھے اور کبھی بھی یہ نہیں سنیں گے کوئی ہندوستانی نفرت پھیلا رہا ہے اور کہیں کوئی برہمی پائی جاتی ہے۔ یہ ہمارا کلچر ہے۔ یہ آپ کا کلچر ہے‘‘۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ان کے خیالات دراصل پہلے سکھ گرو، گرونانک دیو کے افکار و تعلیمات کی عکاسی کررہے ہیں۔ انہوں نے جرمنی میں مقیم ہندوستانی برادری سے جن میں کئی افراد پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں اس ریاست میں قیام حکومت کیلئے کانگریس کی تائید کئے جانے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان افراد سے کہاکہ پنجاب میں ان ہی کی حکومت ہے اور انہیں اگر کبھی کوئی ضرورت درپیش ہو تو ان کیلئے دروازے کھلے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ’’جب ہمیں آپ کی ضرورت تھی آپ نے ہمارا ساتھ دیا اور پنجاب میںقیام حکومت کیلئے ہماری مدد کی۔ ضرورت کے وقت کام آنے والا ہی حقیقی دوست ہوتا ہے اور آپ ہمارے حقیقی دوست ہیں‘‘۔ کانگریس کے سربراہ نے کہا کہ جرمن کے ایک رکن پارلیمنٹ میںان سے کہا کہ کثرت میں وحدت ہی یوروپ کی اصل طاقت ہے۔