حیدرآباد 21 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ تبدیلی مذہب کے مسئلہ پر آر ایس ایس اور بی جے پی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ انہوں نے یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ جن لوگوں نے مذہب تبدیل کیا تھا انہیں دوبارہ اس مذہب میں واپسی کا حق حاصل ہے ۔ نائیڈو نے کہا کہ بی جے پی اور حکومت اور گاندھی جی سب نے ایک ہی بات کہی ہے ۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے کہا کہ اگر آپ تبدیلی مذہب پر فکرمند ہیں تو پھر اس کے خلاف قانون بنانا چاہئے ۔ اس میں کوئی اختلاف کہاں ہے ۔ نائیڈو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مرکزی حکومت تبدیلی مذہب کو روکنے جبرا یا یکطرفہ طور پر کوئی قانون نہیں بنائیگی ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ یہ کام وسیع تر اتفاق رائے سے کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تبدیلی مذہب یا دوبارہ مذہب میں واپسی کے واقعات سے مرکزی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔