ہم آہنگی کی انتخابی حساب کتاب پر فتح ، وزیراعظم نریندر مودی کا وارناسی میں رائے دہندوں سے اظہار تشکر
وارناسی ۔27مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے اس بات کو غلط فہمی قرار دیا جس کی تقلید کی جارہی ہے اور کہاکہ بی جے پی ہندی علاقہ کی پارٹی نہیں ہے ۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک گیر بی جے پی کی فتح سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم آہنگی نے انتخابی اعداد و شمار پر فتح حاصل کرلی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی انتخابات کے بعد عام طور پر سخت محنت اور مخلصانہ کام پر زور دے رہے تھے ۔ انہوں نے اپنے وارناسی کے رائے دہندوں سے اپنی تائید پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی بحیثیت وزیراعظم دوسری میعاد کیلئے 30مئی کو حلف اٹھائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء ، 2017 اور 2019 کی انتخابی کامیابیوں کا راز یہ تھا کہ بی جے پی کی ذہنی ہم آہنگی انتخابی حساب کتاب پر فاتح رہی ۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیراعظم ہوں لیکن آپ تمام کے لئے صرف ایک رکن پارلیمنٹ ہوں ۔ میں آپ کاخدمت گار ہوں اور وارناسی کے رائے دہندوں نے سیاسی پنڈتوں کو حیران کردیا ، جن کے اندازے تھے کہ بی جے پی صرف ہندی پٹی کی پارٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ایسا علاقہ نہیں ہے جہاں بی جے پی کی تائید کے فیصد میں اضافہ نہیں ہورہا ہے ۔ آسام میں ہماری حکومت ہے ، لداخ میں بی جے پی کی کامیابی سیاسی پنڈتوں کو یہ کہنے پر مجبور کررہی ہے کہ یہ ہندی بولنے والوں کی سیاست نہیں ہے ۔ بی جے پی کو ہندی علاقہ کی پارٹی کہنا غلط فہمی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کاپُرزور شکریہ ادا کیا جنہوں نے شدید گرمی کے باوجود رائے دہندوں تک رسائی حاصل کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ انتخابی مہم بلارکاوٹ جاری رہے ۔