مرکز نے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی، کے ٹی راما رائو کا الزام
حیدرآباد۔28 ستمبر (سیاست نیوز) کریم نگر سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے سینئر قائد ای وجیندر ریڈی نے آج اپنے حامیوں کے ہمراہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ تلنگانہ بھون میں کارگزار وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو نے وجیندر ریڈی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ونود کمار، رکن کونسل ناراداس لکشمن، اور ضلع سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان اسمبلی اور قائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ وجیندر ریڈی کی شمولیت سے کریم نگر میں ٹی آر ایس کو استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوکر دیگر پارٹیوں کے قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے اپوزیشن کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں ریاست کی ترقی کو روکنے کے لیے انتخابی مفاہمت کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دراصل ٹی آر ایس خوفزدہ ہے اور اتحاد کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے اپنی شکست کو تسلیم کرلیا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ مجوزہ انتخابات میں ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نریندر مودی کی مقبولیت میں دن بہ دن کمی واقع ہورہی ہے۔ مرکزی حکومت میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ ریاست کی تقسیم کے وقت تلنگانہ سے جو وعدے کیے گئے تھے ان کی تکمیل میں نریندر مودی حکومت ناکام ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پراجیکٹس کی منظوری کے سلسلہ مرکز کا رویہ افسوسناک ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے جبکہ راہول گاندھی جہاں کہیں قدم رکھتے ہیں وہاں کانگریس شکست سے دوچار ہوتی ہے۔ انہوں نے پروفیسر کودنڈارام سے سوال کیا کہ مخالف تلنگانہ پارٹی تلگودیشم سے کس طرح مفاہمت کررہے ہیں۔