ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے کل آئے نتائج پر پاکستان کے اردو میڈیا نے بھی خاصی توجہ دی ہے۔ پاکستانی میڈیا نے حکمراں پارٹی کی ہار پر طنز کستے ہوئے اسے بی جے پی کی ’’اقلیت دشمنی‘‘ کی وجہ قرار دیا ہے۔
پاکستانی اخبار نوائے وقت’’ بی جے پی کو اقلیت دشمنی لے ڈوبی، پانچ ریاستوں میں شکست‘‘ کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ بھارتی ریاستوں کے انتخابی نتائج نے مودی سرکار کی ’ اقلیت دشمن‘ پالیسی کو نہ صرف مسترد کر دیا ہے بلکہ حکمراں پارٹی بی جے پی کو اقتدار سے رخصتی کا پروانہ بھی تھما دیا ہے۔ اخبار نے سیاسی مبصرین کے حوالہ سے لکھا ہے کہ انتخابی نتائج میں شکست کی اصل وجہ مودی کی انتہاپسندانہ پالیسی ہے۔
جبکہ جنگ ڈاٹ کام نے اس کی سرخی یہ لگائی ہے ’’ عام انتخابات سے قبل مودی سرکار کو بڑا دھچکا‘‘۔ اس سرخی کے تحت جنگ لکھتا ہے کہ بھارت میں ہونے والے 2019 کے عام انتخابات سے قبل مودی سرکار کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ انتخابات کے نتائج نے پانسہ پلٹ دیا اور بی جے پی کے ہاتھوں سے اہم ریاستیں راجستھان، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش نکلتی نظر آ رہی ہیں۔
جسارت ڈاٹ کام نے بی جے پی کی ہار کو مودی کی تاریخی شکست سے تعبیر کیا ہے۔ ’’ مودی کو تاریخی ہزیمت، بی جے پی پانچ ریاستوں میں ناکام‘‘ کی سرخی کے تحت جسارت لکھتا ہے کہ بھارت کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے حیران کن نتائج کے بعد مودی سرکار کو سیاسی طور پر بڑا دھچکا لگا ہے۔ اخبار نے لکھا ہے کہ انتخابی نتائج سے بی جے پی کی آئندہ برس ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں پوزیشن کمزور ہو گئی ہے۔