مودی کے وزیراعظم بننے میں صنعت کاروں کا ہاتھ، عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔ 10؍جون (پریس نوٹ)۔ سینئر کمیونسٹ قائد و سابقہ رکن راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ نے قومی سطح پر کانگریس کی شکست اور بی جے پی کی کامیابی کو کانگریس پارٹی کی غلط معاشی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس حکومت کے خلاف عوام کی بیزارگی کا بی جے پی نے فائدہ اُٹھاتے ہوئے ملک کے نوجوان طبقہ میں کانگریس کی غلط معاشی پالیسیوں کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی۔ ایراکنٹہ میں منعقدہ گروپ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے عزیز پاشاہ نے کہا کہ مودی کو ہندوستان کا وزیراعظم بنانے میں صنعتی گھرانوں کا بھی بڑا تعاون حاصل رہا۔ انھوں نے کہا کہ صنعت کاروں نے پورے جوش و خروش کے ساتھ نریندر مودی کی تائید کی تاکہ عوام میں مودی لہر تیار کی جاسکے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں بی جے پی کی جانب سے کئے گئے وعدوں کے متعلق کہا کہ قلیل وقت میں حکومت کی کارکردگی کے متعلق کسی بھی قسم کی پیش گوئی عجلت میں کہی گئی بات ہوگی، مگر جو طریقۂ کار مودی حکومت کے ذمہ داران نے اپنایا ہے، اس سے واضح طور پر نظر آرہا ہے کہ مودی انتظامیہ اس ملک کے غریب اور متوسط طبقات کو درپیش مسائل کے حل میں ناکام ثابت ہوگا۔ انھوں نے نئی ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس پارٹی کے اقتدار میں آنے پر پارٹی سربراہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اقلیتوں کے متعلق کئے گئے کے سی آر کے وعدے یاد دلایا اور کہا کہ 12 فیصد تحفظات ہی ریاست کے اقلیتی طبقات کی حالت ِ زار میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔ اس گروپ میٹنگ کی صدارت جناب سالم بن علی الجابری نے جب کہ ابتدائی کلمات میں جنرل سکریٹری تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد منیر پٹیل نے کہا کہ تنظیم انصاف مصائب زدہ عوام کو ان کا حق دلانے کی جدوجہد تنظیم انصاف کے قیام کا مقصد ہے۔ چیف نائب صدر انصاف گریٹر حیدرااباد شمس الدین احمد، سہیل الدیانی، محمد خواجہ پاشاہ، محمد انور اور انصاف کے دیگر قائدین نے بھی اس گروپ میٹنگ سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایک اڈھاک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کا کنوینر سالم بن علی الجابری کو بنایا گیا۔ محمد غوث، عبداللہ خان، خالد بن حسین الجابری، معراج خان، علی بن صالح الجابری، سردار خان، خالد بن حسین الجابری، معراج خان، علی بن صالح الجابری، خلیل، یعقوب، سعداللہ کو کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا۔