احتجاج محرکات پر مبنی :وزیر فینانس ارون جیٹلی کا اعادہ
پٹنہ ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام): مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج ایوارڈس واپس کرنے والوں کے خلاف تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے انہیں بی جے پی مخالف عناصر قرار دیا اور بتایا کہ ان کے احتجاج کے پس پردہ خفیہ ہاتھ ہے ۔ جس کی ایماء پر یہ کیا جارہا ہے ۔ مسٹر ارون جیٹلی جو کہ فینانس کے علاوہ اطلاعات و نشریات کا قلمدان بھی رکھتے ہیں کہا کہ جن لوگوں نے ایوارڈس واپس کئے ہیں دراصل وہ ، دوسروں کے ہاتھ میں کٹھ پتلی بن گئے ہیں ۔ مختلف سماجی اور سیاسی مسائل پر ان کے ٹوئٹرس اور موقف کا جائزہ لینے پر پتہ چلتا ہے کہ ان میں بی جے پی کی مخالف کا جذبہ سرایت کرگیا ہے ۔ قلم کاروں ، فلمسازوں اور سائنسدانوں کی جانب سے ایوارڈس کی واپسی پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ میں اپنے سابقہ موقف پر قائم ہوں جس میں کہا تھا کہ ایوارڈس کی واپسی منصوبہ بند طریقہ سے کی جارہی ہے ۔ یہ کوئی اتفاقی یا موقتی ردعمل نہیں ہے ۔ جن میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے گذشتہ سال پارلیمانی انتخابات کے موقع پر وارناسی میں نریندر مودی کے خلاف مہم چلائی تھی اور ایوارڈس کی واپسی کا اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب بہار میں اسمبلی انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں ۔ تاہم انہوں نے ملک بھر میں عدم روا داری کا ماحول حاوی ہونے کے الزام کی تردید کی اور کہا کہ حالات حسب معمول ہیں ملک بھر میں حالیہ پیش آئے واقعات پر سیاسی ردعمل ظاہر کرنے والوں سے ارون جیٹلی نے کہا کہ اگر ان میں ضمیر ہوتا تو یو پی اے کے دور حکومت میں کروڑہا روپئے کے اسکامس اور کرپشن پر اپنے ایوارڈس واپس کردیتے ۔