مزاحمت کرنے بائیں بازو کی پارٹیوں کا اعلان ، جلسہ عام میں مشرا کی تقریر
کولکتہ۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی ایم کے ریاستی سیکریٹری سوریہ کانت مشرا نے آج کہا کہ بایاں محاذ مغربی بنگال میں بی جے پی کی تین رتھ یاتراؤں کے دوران جنہیں ڈسمبر میں نکالا جائے گا، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کی مزاحمت کرے گی۔ بی جے پی نے منصوبہ بنایا ہے کہ ریاست میں جاریہ سال ماہ ڈسمبر میں تین رتھ یاترائیں نکالی جائیں گی۔ بایاں بازو کی پارٹیوں نے کہا کہ اگر ایسی کوئی کوشش کی جائے گی اور عوام کو اُکسایا جائے تو بایاں بازو کی پارٹیاں خاموش نہیں بیٹھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خطرناک مزاحمت، سکیولر اور جمہوری عوام کی جانب سے کی جائے گی۔ ہم 1990ء میں بی جے پی کی رتھ یاترا کو نہیں بھولے ہیں جس کی قیادت اس وقت کے صدر بی جے پی ایل کے اڈوانی کررہے تھے۔ مشرا ایک جلسہ عام سے جس کا اہتمام بی پی ایم او نے کیا تھا، تقریر کررہے تھے، مختلف بائیں بازو کی تنظیموں کے وفاق بی پی ایم او نے اس جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا۔ مشرا نے کہا کہ بی جے پی اور ترنمول کانگریس ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ انہوں نے تمام جمہوری طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ مغربی بنگال میں فسطائی ترنمول کانگریس اور مرکز میں فسطائی بی جے پی کے خلاف جنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اُردو اور سنسکرت کیلئے اسکول اساتذہ کے تقررات کے مخالف نہیں ہیں ، لیکن اس کے لئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے نریندر مودی کو فرقہ وارانہ تنظیم کا صدر اور چیف منسٹر ممتا بنرجی کو اس تنظیم کی دُم قرار دیا۔