سرینگر 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر نیشنل کانفرنس (این سی) عمر عبداللہ نے بی جے پی کے ساتھ کوئی بھی اتحاد کو آج خارج از امکان قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ جموں و کشمیر میں حکومت کی تشکیل کے لئے زعفرانی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے اور کہاکہ اس طرح کی رپورٹس فرضی ہیں اور بعض عناصر اُن کی پارٹی کے کیڈر کو متزلزل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اُنھوں نے ٹوئٹر پوسٹ میں کہاکہ بی جے پی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہورہا ہے۔ عمر نے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ میرے خیال میں 2014 ء کے بعض پرانے ویڈیوز کو گشت کرایا جارہا ہے اور یہ باور کرانے کی کوشش ہے کہ این سی جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کے لئے بی جے پی کی تائید کرنے جارہی ہے۔ میں پوری طرح واضح کرتا ہوں کہ ایسا کچھ نہیں ہورہا ہے۔ ایسا نہیں ہوگا۔ یہ کوئی شرپسند عناصر کی کوشش ہے۔سابق چیف منسٹر نے کہاکہ اُنھیں ایسی خبروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن پرانے ویڈیوز کو نیشنل کانفرنس کے ورکرز کو اُلجھن میں ڈالنے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔