نئی دہلی ، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ پارٹی کے نومنتخب 52 ارکان دستور اور ملک کے اداروں کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ میں بھرپور لڑائی لڑیں گے اور بی جے پی کو ہرگز کھلی چھوٹ نہیں دیں گے۔ پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں کانگریس پارلیمنٹری پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے راہول نے قانون سازوں کو متنبہ کیا کہ اب برطانوی دور جیسا ماحول رہے گا جب کسی بھی ادارہ نے کانگریس کی تائید و حمایت نہیں کی تھی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس کے باوجود ہم نے جدوجہد آزادی کو آگے بڑھایا اور جیت حاصل کی اور ہم دوبارہ ایسا ہی کرنے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم 52 ممبرز ہیں اور میں آپ کو ضمانت دیتا ہوں کہ کسی بھی معاملے میں اگر قومی اداروں کی سالمیت پر مفاہمت ہونے لگے تو یہ 52 لیجسلیٹرز ہرگز خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ راہول کی اپنی پارٹی کے ارکان لوک سبھا کو حوصلہ افزائی اس پس منظر میں ہے کہ پارٹی کو متواتر دوسری مرتبہ جنرل الیکشن میں کراری شکست ہوئی ہے اور اسے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ بھی نہیں مل پایا ہے۔ اس عہدہ کیلئے ایوان کے منتخب ارکان کی تعداد کا 10 فیصد حصہ جیتنا ضروری ہے۔ کانگریس نے گزشتہ مرتبہ 44 اور اس بار 52 نشستیں جیتی ہیں جبکہ 543 کا دس فیصد کم از کم 54 ارکان ہوتے ہیں۔
این سی پی ۔ کانگریس انضمام کی افواہیں خارج
ممبئی ، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر این سی پی شرد پوار نے آج اس قیاس آرائی کو خارج کردیا کہ اُن کی پارٹی کا کانگریس کے ساتھ انضمام ہوجانے کا امکان ہے۔ یہاں ایک پارٹی میٹنگ میں پوار نے ای وی ایم میں دھاندلی کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ انھیں پہلے سے ہی اس ٹکنالوجی کے تعلق سے شبہات رہے ہیں۔