نئی دہلی : جنتا دل سیکولر چھوڑ کر بہوجن سماج وادی پارٹی میں شامل ہونے والے کنور دانش علی امروہہ سے امیدوار بنائے گئے ہیں اور ۲۰؍ مارچ سے وہ اپنی مہم کا آغاز کریں گے ۔اس سے قبل انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ پانچ سال سے مودی حکومت نے ملک میں دبے کچلے عوام پر ظلم کئے ہیں ۔ اقلیتوں ، دلتوں ،پسماندہ طبقات ، کسانوں ، چھوٹے چھوٹے کاروباریوں کے سامنے جو مشکلات پیدا کی ہیں وہ بہت افسوس ناک ہیں اور عوام مودی حکومت پر بہت غصہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک یوپی کا سوال ہے کہ تو وہاں جو بی ایس پی ، ایس پی او رآرایل ڈی کا اتحاد ہوا ہے وہ اس قد ر مضبوط ہیں کہ اس کے سامنے بی جے پی ٹک نہیں پائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جو لوگ ناراض ہیں وہ کا اظہار ووٹ دیتے وقت ضرور کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ عوام بہت دانشمند ہیں اور ہماری جمہوریت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پتہ ہے کہ بی جے پی کو کون شکست دے سکتاہے اور عوام کو یقین ہے کہ بی جے پی کو ایس پی ، بی ایس پی او رآر ایل ڈی اتحاد ہی شکست دے سکتی ہے اسلئے لوگ اسی اتحاد کو ووٹ دیں گے ۔ دانش علی نے کہا کہ ہمارا پہلا نشانہ بی جے پی کو ہر حال میں شکست دینا ہے ۔ دانش علی نے مایاوتی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس عزت سے مجھے نوازا ، پارٹی میں لیا اور امروہہ سے امیدوار بنایا ہے اس کے لئے بہن مایاوتی کا میں شکریہ ادا کرتا ہوں ۔