بی جے پی کو دوبارہ اقتدار سے ہندوستان ’’ہندو پاکستان ‘‘ بن جائیگا

ترواننتاپورم میں ششی تھرور کا خطاب، ہندوستانیوں کی توہین :سمپت پاترا،کانگریس کی جانب سے تھرور کا تبصرہ نامنظور

تھرواننتاپورم 12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریسی قائد ششی تھرور نے منگل کو کہاکہ اگر بی جے پی 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو وہ ایسے حالات پیدا کرے گی کہ جس سے جمہوری ہندوستان کو ’’ہندو پاکستان‘‘ بنایا جاسکے۔ ایک ایونٹ کو مخاطب کرتے ہوئے تھرواننتاپورم میں تھرور نے مزید کہاکہ بی جے پی ایک نیا دستور لکھے گی جو تقریباً پاکستان جیسے ہوگا، جہاں بقول تھرور کے، اقلیتوں کا احترام نہیں ہے۔ اور یہ دستور ہندو راشٹرا کے اُصولوں پر مبنی ہوگا جس میں اقلیتوں کے لئے مساویانہ حقوق کو نکال دیا جائے گا جوکہ مہاتما گاندھی، مولانا ابوالکلام آزاد، جواہرلال نہرو، سردار پٹیل اور دیگر مجاہدین آزادی کے بنائے گئے اُصولوں کے بالکل منافی ہوگا (جس میں اقلیتوں کو مساویانہ حقوق دیئے گئے ہیں) اس دوران تھرور کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے بی جے پی نے صدر کانگریس راہول گاندھی سے معذرت کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی ترجمان سمبت پاترا نے کہاکہ راہول گاندھی کو ششی تھرور کے بیان پر ضرور معافی مانگنی چاہئے۔ بی جے پی ترجمان نے واضح طور پر کہاکہ کانگریس کی وجہ سے پاکستان کی تخلیق ہوئی تھی جبکہ ابھی بھی وہ ہندوستان کے وقار کو گراتے ہوئے ہندوستان کے ہندوؤں کو بدنام کررہی ہے‘‘۔ پاترا نے ٹوئٹر پر مزید کہاکہ کانگریس پارٹی ہندوستان کے وقار میں کمی لانے اور ہندوستانی ہندوؤں کو بدنام کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتی۔ انھوں نے کہاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا ’’ہندو راشٹرا‘‘ کا نظریہ پاکستان کی شبیہ کا آئینہ ہے۔ ایک ایسی مملکت جس پر اکثریت کے مذہب کا غلبہ ہوگا۔ ہندوستان ’’ہندو پاکستان‘‘ بن جائے گا یہ وہ آزادی نہیں ہے جس کے لئے ہم نے جنگ کی تھی اور نہ ہندوستان کے بارے میں یہ نظریہ دستور کا حصہ ہے۔ تھرور نے کہاکہ ان جیسے کئی افراد جنھیں اپنے ہندو ہونے پر فخر ہے اپنے مذہب کی سب کو ساتھ لینے کی خصوصیت پر فخر کرتے ہیں۔ انھیں اس طرح جینے کی کوئی خواہش نہیں ہے جیسا کہ ہمارے پڑوسی پاکستان جینے پر مجبور ہیں۔ پاکستان غیر رودار مذہبی مملکت ہے۔ تھرواننتاپورم کے کانگریسی رکن پارلیمنٹ نے تقریر میں کہاکہ ہم ہندوستان کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔ اسے پاکستان کی ہندو شبیہ بنانا نہیں چاہتے۔ تھرور پر تنقید کرتے ہوئے پاترا نے کہاکہ یہ ’’مویشیوں جیسا تبصرہ‘‘ ہے۔ ہندوستانی جمہوریت کو مویشیوں کے زمرہ میں شامل کیا جارہا ہے۔ کانگریس نے ششی تھرور کے ’’ہندو پاکستان‘‘ کے تبصرہ کو نامنظور کردیا اور اپنے قائدین کو ہدایت دی کہ وہ اپنے الفاظ احتیاط سے منتخب کریں۔ ساتھ ہی کانگریس نے بھگوا پارٹی (بی جے پی) کی نفرت کو بھی مسترد کردیا کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سنگھ سرجے ویالا نے یہ بات کہی۔