لوک سبھا الیکشن کے ایگزٹ پول کے نتائج کے بعد مرکز کے ساتھ ہی ریاستوں میں بھی سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں بی جے پی نے کمل ناتھ حکومت کے اقلیت میں چلے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر گوپال بھارگو نے گورنر کو مکتوب لکھ کر اجلاس بلانے کی مانگ کی ہے۔ وہیں، حکمراں پارٹی نے بی جے پی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی حکومت مضبوط ہے۔ کانگریس لیڈر مکیش نائک نے کہا کہ ’’ ہماری حکومت مضبوط ہے۔ بی جے پی دن میں خواب دیکھنا بند کرے‘‘۔
اپوزیشن لیڈر گوپال بھارگو نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ’’ ایگزٹ پول کے مطابق، ایک بار پھر نریندر مودی وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں۔ وہیں، مدھیہ پردیش میں کانگریس کو دو سے تین سیٹیں ملنے والی ہیں، یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ مدھیہ پردیش میں موجودہ حکومت نے عوام کا بھروسہ کھو دیا ہے۔
بھارگو نے کہا ’’ کانگریس کے کئی ارکان اسمبلی کمل ناتھ حکومت سے پریشان ہو چکے ہیں اور بی جے پی کے ساتھ آنا چاہتے ہیں۔ ایسے میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی خرید وفروخت نہیں کرے گی۔ لیکن کانگریس کے ہی ارکان اسمبلی اب اپنی حکومت کے ساتھ نہیں ہیں۔ اس لئے ان کی مانگ ہے کہ ریاستی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے‘‘۔