بیک وقت لوک سبھا و اسمبلی انتخابات کی مخالفت : تلگودیشم کا بیان
امراوتی ( اے پی ) 6 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے سابقہ موقف سے انحراف کرتے ہوئے تلگودیشم پارٹی نے لوک سبھا اور اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کی مخالفت کی اور کہا کہ اس کا مقصد علاقائی جماعتوں کو کمزور کرنا ہے ۔ تلگودیشم پولیٹ بیورو رکن و وزیر فینانس اے پی وائی رام کرشنوڈو نے بیک وقت انتخابات کی تجویز کو قومی جماعتوں کا منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ اس کا مقصد علاقائی جماعتوں کو کمزور کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی نظام کی مدافعت میں تلگودیشم پارٹی اس تجویز کی مخالفت کر رہی ہے ۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی ایک سیاسی شارک میں بدل گئی ہے اور وہ چھوٹی مچھلیوں ( علاقائی جماعتوں ) کو نگلتے ہوئے زندہ رہنا چاہتی ہے ۔ تلگودیشم وہ پہلی جماعت تھی جس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی بیک وقت لوک سبھا و اسمبلی انتخابات کی تجویز کی حمایت کی تھی جب وہ این ڈی اے کا حصہ تھی ۔ تاہم مارچ میں این ڈی سے علیحدگی کے بعد پارٹی نے اپنے موقف میں تبدیلی لائی ہے ۔