انتشارپیدا کرنے ملک دشمن عناصر کی سازش، عوام کو پرسکون رہنے کا مشورہ: یچوری
حیدرآباد۔/20 فروری، ( پی ٹی آئی) سی پی آئی ( ایم ـ) نے بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت پر سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے پلوامہ دہشت گرد حملے کو سیاسی رنگ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس ضمن میں زعفرانی جماعت کے صدر امیت شاہ کے ایک بیان کا حوالہ دیا۔ سی پی آئی ( ایم ) کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی آر پی ایف کے 40جوانوں کی ہلاکت یقیناً ایک انتہائی المناک اور ملک دشمن دہشت گرد حملہ ہے جس کی مذمت کی جانی چاہیئے۔ تمام اپوزیشن جماعتوں نے بیک آواز ہوکر متحدہ طور پر ان حملوں کی مذمت کی ہے۔ ملک کے مفادات عوام کی سلامتی کے علاوہ ملک دشمن قوتوں اور دہشت گردی کے خلاف مقابلہ کرنے والے مسلح فورسیس کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے حکومت کی بھرپور تائید و مدد کی گئی۔ لیکن بی جے پی کے صدر ( امیت شاہ ) نے کہا کہ ’’ ہمارے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔‘‘ ملک دشمن عناصر کو ہم سبق سکھائیں گے۔ کیونکہ یہ کانگریس کی حکومت نہیں ہے۔‘‘ یچور ی نے کہا ’’ حکمراں جماعت کی طرف سے اس قسم کی سیاست بازی سے صرف یہی سوال اٹھتا ہے کہ بی جے پی گزشتہ پانچ سال سے حکومت کررہی ہے تو پھر اب آخر ایسا کیوں ہوا ۔؟‘‘ وہ ( بی جے پی ) اس مسئلہ کو سیاسی رنگ کیوں دے رہے ہیں۔ یہ بدبختانہ ہے۔‘‘ یچوری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس کھیل کو سمجھیں اور صبر و سکون سے کام لیں کیونکہ یہ ملک دشمن عناصر کی کارستانی ہے۔ یچوری نے مزید کہا کہ ’’ یہ کسی ایک مخصوص ریاست یا کسی ایک مخصوص مذہب کے افراد کا کام نہیں ہے ‘‘ ۔ دہشت گرد حملے کے بعداین ڈی اے حکومت کی جانب سے طلب کردہ کُل جماعتی اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی عدم شرکت پر یچوری نے تنقید کی اور کہا کہ ’’ وہ مودی ) کُل جماعتی اجلاس سے غائب تھے۔ اس وقت وہ کہیں مہم چلارہے تھے۔‘‘ سیتا رام یچوری نے عوام کو مشورہ دیا کہ ہمیں دہشت گردوں کے جال میں نہیں پھنسنا چاہیئے جو عوام کو ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کرنا چاہتے ہیں اور ہندوستان میں عوام کو ایک دوسرے سے لڑاتے ہوئے ملک کی تقسیم و انتشار سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔‘‘