بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا آج اجلاس

چیف منسٹر گجرات آنندی بین پٹیل کا استعفیٰ منظور کئے جانے کا امکان ،

نئی دہلی ۔ /2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا ایک اجلاس کل منعقد ہوگا ۔ جس میں توقع ہے کہ چیف منسٹر گجرات آنندی بین پٹیل کی استعفیٰ دینے کی پیشکش کو منظور کرلیا جائے گا اور ان کے جانشین کی تلاش شروع کردی جائے گی ۔ بی جے پی کے ذرائع کے بموجب ان کا جانشین اندرون ایک ہفتہ نامزد کردیا جائے گا ۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ امکان ہے کہ احمد آباد کا سفر کریں گے اور ریاست میں اقتدار کی منتقلی کے عمل کی نگرانی کریں گے ۔ گجرات طویل عرصہ سے بی جے پی کا مستحکم گڑھ ہے لیکن جاری دلت احتجاج کی وجہ سے اور بااثر پٹیل برادری کے احتجاج کی وجہ سے پارٹی کو سیاسی دھکا لگا ہے ۔ حالانکہ پارٹی کے اعلیٰ سطحی ذرائع ریاست کی اولین خاتون چیف منسٹرکی تبدیلی کے بارے میں گہری خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں لیکن ریاستی کابینہ میں دوسرا مقام رکھنے والے نتن پٹیل یا صدر گجرات بی جے پی وجئے روپانی کے ناموں کو اس عہدہ کے امیدواروں میں شامل کیا جارہا ہے ۔نتن پٹیل کو وزیراعظم نریندر مودی کا اعتماد حاصل ہے ۔ جبکہ مودی چیف منسٹر گجرات تھے وہ ان کی کابینہ کے ایک وزیر تھے ۔ روپانی امیت شاہ کے بااعتماد ساتھی ہیں اور انہیں پارٹی کی داخلی تائید حاصل ہے ۔

تاہم وہ جین برادری سے تعلق رکھتے ہیں جو تعداد کے اعتبار سے گجرات میں نمایاں حیثیت کی نہیں ہے ۔ مرکزی وزیر پرشوتم روپالا بنیادی سطح کے قائد ہیں اور بھیکو بھائی دلسانیا ریاستی بی جے پی جنرل سکریٹری ہیں ۔ انہیں بھی چیف منسٹر کے امیدوار سمجھا جارہا ہے۔ قیاس آرائیاں گرم ہیں کہ شاہ جو گجرات کے رکن اسمبلی ہیں مودی انہیں 2014 ء میں چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے موزوں سمجھتے تھے ۔ امکان ہے کہ وہ آنندی بین پٹیل کے جانشین ہوں گے ۔ شاہ ماضی میں چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے سے انکار کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ آگے بڑھ چکے ہیں اور انہوں نے کہا کہ پارٹی ایک چیالنجنگ صورتحال سے گزررہی ہے ۔ آئندہ سال اسمبلی انتخابات مقر ر ہیں ۔ اس لئے ان کے تقرر سے غیرمتاثرہ طبقات کے ووٹ حاصل ہوسکیں گے ۔ لیکن انہوں نے کہا کہ وہ قومی سیاست میں حصہ لینے کے خواہاں ہے اور ریاستی سیاست میں واپس ہونے کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں ۔