گلبرگہ ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کا ) بی جے پی اور اس کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ یہ لوگ زہر کی کھیتی کرتے ہوئے تقسیم پسندانہ سیاست کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اس کے لیڈر اقتدار کی اپنی بھوک کو مٹانے تشدد کیلئے اکسا رہے ہیں۔ گلبرگہ میں پارٹی کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس سربراہ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور دوسری جماعتوں کا واحد مقصد صرف اور صرف اقتدار حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ عوام زہر کی کھیتی کرنے والوں کو اقتدار حاصل کرنے کا موقع نہیں دینگے ۔
ایسے لوگوں کو یہ موقع نہیں ملے گا جو تقسیم پسندانہ سیاست کرتے ہیں اور سکیولر اصولوں پر یقین نہیں رکھتے بلکہ تشدد کیلئے اکسانے کی سیاست کرتے ہیں تاکہ کامیابی حاصل کی جاسکے ۔ نریندر مودی کا حوالہ دیتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہجو لوگ اپنے آپ کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں ان کے تعلق سے وہ عوام سے سوال کرتی ہیں کہ کیا ایسے لوگ قوم کا کچھ بھلا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ قوم کا کچھ بھلا نہیں کرسکتے ۔ ان کا واحد مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے اور اس مقصد میں کامیابی کیلئے یہ لوگ ہر طرح کی سازشیں کرسکتے ہیں۔ عوام کو اس طرح کے لوگوں سے ہوشیار رہنا اور ان کے ارادوں اور مقاصد کو سمجھنا چاہئے ۔
سونیا گاندھی نے اپنی تقریر میں حیدرآباد ۔ کرناٹک علاقہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ یہ علاقہ صوفی ازم کا علاقہ کہا جاتا ہے جس میں ہمہ جہتی کلچر کی تعلیم دی جاتی ہے ۔ کانگریس کی صدر نے مزید کہا کہ جہاں اپوزیشن جماعتیں صرف اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہیں وہیں ان کی پارٹی ملک اور ملک کے عوام کیلئے فکرمند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ عوام اپوزیشن جماعتوں کے منصوبوں سے واقف رہیں کہ وہ کسی بھی طرح سے اور کسی بھی انداز میں اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہیںاور اس کیلئے سازشیں کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ملک سے غربت کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہے اور غریبوں کا مقام اور عزت بحال کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سماج میں بھائی چارہ کو فروغ دینے اور امن کو برقرار رکھنے کی کوشش میں ہے ۔ اسی لئے ان کی حکومت ملک میں ترقی کا عمل تیز کر رہی ہے ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کرپشن سے مقابلہ کا مصمم ارادہ رکھتی ہے اور اسی لئے اس پارٹی نے ملک میں حق معلومات قانون رائج کیا اور لوک پال قانون کو منظوری دلائی ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بشمول بی جے پی صرف کھوکھلے وعدے کرتی ہیں اور بے بنیاد الزامات عائد کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے عوام نے ہمیشہ ہی کانگریس کا ساتھ دیا ہے جس کیلئے وہ عوام کی مشکور ہیں۔
انہوں نے کرناٹک کے تعلق سے کہا کہ ریاست میں سابقہ بی جے پی کی کرپٹ حکومت کی وجہ سے قومی ضمانت روزگار جیسی مرکزی اسکیمات غریبوں تک نہیں پہونچ سکی ہیں لیکن موجودہ کانگریس حکومت ان اسکیمات پر موثر عمل کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اپوزیشن جماعتوں کے کرپشن کے تعلق سے کچھ بھی کہنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ عوام سابقہ اقتدار میں یہ سب کچھ دیکھ چکے ہیں۔