فساد زدہ علاقہ میں امتناعی احکام کی خلاف ورزی
کولکتہ ۔ یکم ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ایک چار رکنی وفد نے امتناعی احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سخت ترین سکیورٹی کے درمیان آج فساد زدہ علاقہ آسنسول کا دورہ کرتے ہوئے اس ٹاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا جہاں رام نومی جلوس کے دوران پرتشدد واقعات پیش آئے تھے ۔ بی جے پی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین نے مغربی بنگال کی ترنمول کانگریس حکومت کو ضلع مغربی بردوان کے آسنسول ۔ رانی گنج بلٹ میں صورتحال پر قابو پانے میں ناکامی کے لئے مورد الزام ٹھہرایا اور کہا کہ ’’ہم نے آسنسول کے دھاؤکا اور رام کرشن پور میں ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا ۔ یہ (تشدد) ریاستی حکومت کی ناکامی کا نتیجہ ہے ‘‘ ۔ انہوں نے عوام سے امن برقرا رکھنے کی اپیل کی ۔ یہ وفد جو بی جے پی کے صدر امیت شاہ کی طرف سے تشکیل دیا گیا ہے ۔ واپسی کے بعد انہیں اپنی رپورٹ پیش کرے گا ۔ اس وفد میں شاہنواز حسین کے علاوہ بی جے پی کے قومی نائب صدر اور راجیہ سبھا کے رکن اوم پرکاش ماتھر ، پالاموکے رکن پارلیمنٹ اور جھارکھنڈ کے سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس وشنو دیال رام اور راجیہ سبھا کی رکن روپا گنگولی شامل ہیں ۔