بی جے پی ورکر نے خودکشی کی، پرولیا پولیس کا بیان

پرولیا (مغربی بنگال) 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) دولل کمار کی نعش ایک پاور ٹرانسمیشن ٹاور سے لٹکی پائی گئی تھی جسے بلرام پور پولیس اسٹیشن کے تحت موضع داوا کے کھیتوں کے قریب سے اتوار کی صبح برآمد کیا گیا۔ اِس معاملے میں پوسٹ مارٹم رپورٹ کی اساس پر پولیس نے کہاکہ اُس نے خودکشی کرلی لیکن بی جے پی کی جانب سے اپنے پارٹی ورکر کی موت کے خلاف 12 گھنٹے کا احتجاجی بند منایا گیا جس کا ضلع کی عام زندگی پر جزوی اثر پڑا۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ متوفی پارٹی کا ممبر تھا۔ زعفرانی پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ دولل کمار کی موت سیاسی قتل ہے۔ یہ واقعہ اس پس منظر میں تشویش کے ساتھ دیکھا جارہا ہے کہ 30 مئی کو اِسی ضلع کے بلرام پور میں ایک درخت سے ایک اور شخص کی نعش لٹکی پائی گئی تھی۔ پرولیا سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آکاش مگھاریا نے کہاکہ 5 ڈاکٹروں کی ٹیم نے دولل کمار کی نعش کا پوسٹ مارٹم کیا اور یہ نتیجہ اخذ کیاکہ اُس نے خودکشی کی۔