بی جے پی نے 16 میں سے 14 میئرس حاصل کرلئے

بی ایس پی کو دو میئر ، سماج وادی پارٹی ایک بھی نشست حاصل کرنے میں ناکام ، امیتھی میں کانگریس کی شکست

لکھنؤ ۔ یکم / ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے اترپردیش کے بلدی انتخابات میں میئرس کی 16 نشستوں میں سے 14 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ۔ یوگی آدتیہ ناتھ کیلئے یہ سخت انتخابی آزمائش تھی ۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے انتخابی حلقہ میں بھی کانگریس کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ۔ مایاوتی زیرقیادت بی ایس پی نے مغربی یوپی کے علیگڑھ اور میرٹھ شہروں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی جے پی کو حیران کردیا ۔ اکھلیش یادو زیرقیادت سماج وادی پارٹی ایک بھی میئر کی نشست پر کامیابی حاصل نہیں کرسکی ۔ لکھنؤ میں پہلی بار ایک خاتون سمیکتا بھاٹیہ کو میئر منتخب کرلیا گیا ۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے لوک سبھا حلقہ واراناسی سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ ان انتخابی نتائج سے جی ایس ٹی کیلئے عوام کی توثیق ظاہر ہوتی ہے جس نے تاجروں کیلئے کاروبار کو زیادہ آسان بنادیا ہے ۔ صدر بی جے پی امیت شاہ نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ عوام نے معاشی اصلاحات کو گلے لگالیا اور ذات پات ، خوشامد اور خاندان کی سیاست کو مسترد کردیا ہے ۔ انتخابی نتائج سے بھگوا پارٹی کے حوصلے اور بھی بلند ہوگئے ہیں ۔ کیونکہ چند ہی دن بعد گجرات اسمبلی انتخابات مقرر ہیں ۔ آدتیہ ناتھ نے بلدی انتخابات کے دوران ریاست گیر طوفانی دورے کئے تھے ۔ یو پی کے بلدی انتخابات سے کانگریس کے روایتی مستحکم گڑھ امیتھی میں بھی بی جے پی کی کامیابی سے ثابت ہوگیا ہے کہ کانگریس اپنی آب و تاب کھوچکی ہے ۔ کانگریس کو جائیس اور گوری گنج میں بھی ناکامی ہوئی ۔

ڈپٹی چیف منسٹر دنیش شرما نے کہا کہ عوام میں بی جے پی پر بھرپور اعتماد ظاہر کیا ہے ۔ سماج وادی پارٹی ، بی ایس پی اور کانگریس نے انتخابات میں حصہ لیا تھا ۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو اور نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے اپنی اپنی پارٹی کی مشترکہ اور علحدہ طور پر مہم چلائی تھی ۔ گزشتہ یو پی انتخابات کے دوران بھی دونوں پارٹیوں کا انتخابی اتحاد تھا ۔ سماج وادی پارٹی قائد اور ایم ایل سی راجپوت کشیپ نے الزام عائد کیا کہ سماج وادی پارٹی انتخابی نتائج کا تجزیہ کررہی ہے اور بی جے پی نے ان علاقوں میں کامیابی کیسے حاصل کی جہاں الیکٹرانک رائے دہی مشینیں استعمال کی گیئں تھیں ۔ دیگر علاقوں میں اسے زبردست کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ۔ بلدی انتخابات تین مرحلوں میں /22 ، /26 اور /29 نومبر کو منعقد کئے گئے تھے ۔ 334 مراکز رائے دہی میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے ۔ رائے دہی 16 مجالس بلدیہ ، 198 نگر پالیکا پریشد اور 438 نگر پنچایتوں کیلئے منعقد کئے گئے تھے ۔ تمام تینوں مرحلوں میں اوسطاً 52.5 فیصد رائے دہی ہوئی ۔ رائے دہندوں کی جملہ تعداد 3.32 کروڑ تھی ۔

 

امیتھی بلدی انتخابات میں کامیابی ، ترقی کی فتح :سمرتی ایرانی
نئی دہلی ۔یکم / ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے آج امیتھی بلدی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کو ترقی کی فتح قرار دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو اس کی مبارکباد پیش کی ۔ امیتھی کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کا پارلیمانی انتخابی حلقہ ہے ۔ سمرتی ایرانی 2014 ء کے لوک سبھا انتخابات میں راہول گاندھی کے انتخابی حلقہ میں ان سے شکست کھاچکی ہیں ۔ انہوں نے ٹوئٹر پر رائے دہندوں اور بی جے پی کارکنوں سے پارٹی امیدوار مہیش سونکر کی کامیابی پر اظہار تشکر بھی کیا ۔

 

ہر سمت سے خوشخبریوں کی بوچھاڑ، وزیراعظم کا
جی ڈی پی اور یو پی انتخابی نتائج پر تبصرہ
احمد آباد / نئی دہلی ۔ یکم / ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تازہ ترین جی ڈی پی شرح ترقی کے اعداد و شمار سے اور یو پی کے بلدی انتخابی نتائج سے حوصلہ پاکر وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہر سمت سے خوشخبریاں آرہی ہیں اور مختلف گوشوں سے تنقید کے باوجود ہندوستان پورے اعتماد کے ساتھ پیشرفت کررہا ہے ۔ اسمبلی انتخابات سے پہلے گجرات کے پارٹی کارکنوں سے رسائی حاصل کرتے ہوئے انہوں نے 7500 خاتون بی جے پی کارکنوں سے گجرات میں ویڈیو کانفرنس کے خطاب بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کا فیصلہ کرنے سے پہلے چند افراد نے یہ دعویٰ کرنا شروع کردیا تھا کہ اب ہندوستان ختم ہوچکا ہے اور سیاہ دور میں داخل ہوچکا ہے ۔ عوام کا دعویٰ تھا کہ ان فیصلوں کے خلاف کچھ بولنے سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ریاستی بی جے پی نے ان کا بیان جاری کیا ۔