حیدرآباد /25 مارچ (سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس بی ستیہ نارائنا نے بی جے پی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ’’جی کشن ریڈی کون ہیں؟‘‘۔ واضح رہے کہ ریاست کی تقسیم کے بعد کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا کے لئے دو علحدہ علحدہ پردیش کمیٹیاں تشکیل دی ہیں، جس کے بعد بی ستیہ نارائنا سیاسی سرگرمیوں سے دور ہیں، جس پر یہ افواہیں گشت کر رہی تھیں کہ وہ بی جے پی کے اعلی قائدین سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں اور بہت جلد بی جے پی شامل ہو جائیں گے۔ اسی دوران تلنگانہ بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے بی ستیہ نارائنا کے بارے میں بی جے پی کے سینئر قائدین سے رابطہ میں ہونے کی افواہوں کی تصدیق کی تھی۔ آج کانگریس ہائی کمان کی جانب سے طلب کرنے پر بی ستیہ نارائنا دہلی روانہ ہوئے اور بی جے پی میں شامل ہونے کے سوال پر انھوں نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ کانگریس میں ہیں اور مستقبل میں بھی کانگریس میں برقرار رہیں گے، لہذا کانگریس سے مستعفی ہونے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ انھوں نے جی کشن ریڈی کی توثیق پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے میڈیا سے استفسار کیا کہ ’’یہ کشن ریڈی کون ہیں؟‘‘۔ وہ کانگریس میں ہیں، پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ وہ خود غرضوں کی فہرست میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے، تمام جماعتوں کی تائید کے بعد سب سے آخر میں کانگریس نے تلنگانہ کی تائید کی ہے۔