بی جے پی میں خواتین کو اولین ترجیح، حکومت میں اہم قلمدان

کرناٹک کے بی جے پی مہیلا مورچہ کی کارکنوں سے وزیراعظم کا مودی ایپ سے خطاب

بنگلورو 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ ہندوستان اب خواتین کی ترقی کا مرحلہ طے کرتے ہوئے خواتین کی قیادت میں ترقی کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ نیز ’’خواتین سب سے پہلے‘‘ بی جے پی اور ان کی حکومت کا اہم اصول ہے۔ وزیراعظم مودی نے کرناٹک میں 12 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ’’نریندر مودی ایپ‘‘ کے ذریعہ ریاستی بی جے پی مہیلا مورچہ کی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’ملک اب خواتین کی ترقی کے مرحلے سے گزرتے ہوئے حکومت کی قیادت میں ترقی کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ انتخابات کے لئے اپنی پارٹی کے کارکنوں کو متحرک کرنے کے لئے یہ ان کا تیسرا خطاب تھا۔ قبل ازیں انھوں نے بی جے پی کے عہدیداروں، امیدواروں اور کسان شعبہ کے قائدین سے خطاب کیا تھا۔ مودی نے کہاکہ ’’ہمارے پاس ملک کی ترقی ایسا اُصول بنایا گیا ہے۔ ہماری پارٹی بھی اس اُصول پر یقین رکھتی ہے‘‘۔ انھوں نے مزید کہاکہ ’’مہیلا شکتی (خواتین کی طاقت) کو بی جے پی کی ہر اسکیم میں نمایاں اہمیت حاصل ہے۔ ہمارے لئے خواہ یہ تنظیم ہو کہ حکومت یا پروگراموں کی تیاری، سب میں خواتین کو پہلا مقام دیا گیا ہے‘‘۔ اُنھوں نے اپنی کابینہ میں باصلاحیت خواتین کے پاس اہم قلمدان دیئے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر دفاع نرملا سیتارام کا حوالہ دیا اور کہاکہ چین میں منعقدہ ایس سی او میں صرف یہی دو خواتین تھیں۔ ان دونوں کا کرناٹک سے بھی تعلق رہا ہے۔ نرملا سیتارامن کرناٹک سے راجیہ سبھا کے لئے منتخب ہوئی ہیں۔ سشما سوراج نے 1999 ء کے لوک سبھا انتخابات میں حلقہ بیلاری سے کانگریس رہنما سونیا گاندھی کے خلاف مقابلہ کیا تھا۔ جس میں موخرالذکر کو کامیابی ہوئی تھی۔ کانگریس کی طرف سے مبینہ طور پر جھوٹ پھیلائے جانے سے متعلق سوالات پر مودی نے جواب دیا کہ ’’وہ (کانگریس) اگر جھوٹ پھیلائیں گے تو ان کی گاڑی کیسے چلے گی؟ ان کے لئے تو صرف جھوٹ پھیلانے کا کام ہی باقی رہ گیا ہے۔ اس وجہ سے وہ اعتماد سے محروم ہوگئے ہیں اور مایوسی پیدا ہوگئی ہے‘‘۔