کوربا ؍کھنڈوا 17 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کیخلاف تنقیدوں کو جاری رکھتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی تقسیم پسندانہ سیاست پر عمل کر رہی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ ہندوستان کو دو حصوں میں تقسیم کردیا جائے جبکہ کانگریس چاہتی ہے کہ ایک واحد اور متحد ہندوستان کی تعمیر ہو۔ چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں پارٹی کی انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار پر آجاتی ہے تو ملک صرف چنندہ انتہائی دولت مند افراد کے ہاتھ میں آ جائیگا ۔ اگر بی جے پی اقتدار پر آتی ہے تو صرف پانچ چھ دولت مند راج کرینگے ۔ کوربا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی پر تقسیم پسندانہ سیاست کھیلنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایک متحد اور واحد ہندوستان رہے جبکہ بی جے پی چاہتی ہے کہ ملک کو دو حصوں میں تقسیم کردیا جائے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ گجرات کی طرح چھتیس گڑھ کی ترقی کا ماڈل بھی صرف ایک مفروضہ ہے اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی کسانوں کی اراضیات کوڑیوں کے دام پر بڑے تاجروں کو فروخت کر رہی ہے ۔
انہوں نے بی جے پی وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کیخلاف ٹافی ماڈل کا ریمارک دہرایا اور چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر رمن سنگھ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت میں کرپشن کو فروغ حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں بی جے پی اقتدار کے دوران ایک بڑی المونیم فیکٹری بالکو بڑے تاجروں کو معمولی قیمتوں پر سونپ دی گئی ۔ اسی طرح گجرات میں نریندر مودی نے کسانوں کی اراضیات ایک روپئے مربع میٹر کی قیمت پر بڑے تاجروں کو دیدی اور ان کارپوریٹ گھرانوں نے اس اراضی کو 800 روپئے فی مربع میٹر کی قیمت پر فروخت کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جس طرح گجرات ماڈل کی ترقی کا جو مفروضہ پھیلا یا جارہا ہے وہی حال چھتیس گڑھ کا بھی ہے ۔ کانگریس نے کوربہ نشست سے موجودہ رکن پارلیمنٹ اور مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ چرن داس مہنت کو ٹکٹ دیا ہے ۔ بی جے پی پر کانگریس کے انتخابی منشور کی نقل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کا واحد مقصد نریندر مودی کو وزیر اعظم بنانا ہے لیکن جس طرح اسے 2004 اور 2009 میں شکست ہوئی تھی اسی طرح اب بھی اسے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔