ملک میں بی جے پی کی متبادل کی ضرورت : چندرا بابو نائیڈو
حیدرآباد /12 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ملک کی پانچ ریاستوں میں بی جے پی کی جس انداز میں شکست ہوئی اس سے بی جے پی دوبارہ ہرگز نہیں ابھر پائے گی ۔ تاہم ملک میں بی جے پی کے متبادل کی اہم ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آندھراپردیش سے ناانصافی کرنے والی بی جے پی کو ملک بھر میں مسترد کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔ مسٹر چندرا بابو نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ملک میں بی جے پی کو دوبارہ ابھرنے سے روکنا صرف اور صرف تلگودیشم پارٹی کے ذریعہ ہی ممکن ہوسکے گا ۔ صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و نگرانکار چیف منسٹر مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے ریاست میں منعقد ہوئے اسمبلی انتخابات میں مہا کوٹمی کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے پر ان کے تعلق سے ( چندرا بابو نائیڈو ) کئے ہوئے ریمارکس پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چندرا بابو نے کہا کہ جمہوریت میں کوئی بھی کہیں بھی روانہ ہوسکتے ہیں اور کہا کہ خود مسٹر چندر شیکھر راؤ بھی آندھراپردیش کو آسکتے ہیں اور ان کی آمد پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔