نتیش کمار اب خاموش کیوں : تیجسوی یادو
پٹنہ۔ 27فروری (سیاست ڈاٹ کام) بہار اسمبلی میں حزب مخالف کے لیڈر تیجسوی یادو نے مظفر پور میں سنیچر کے روز بی جے پی لیڈر کی گاڑی سے نو بچوں کے کچل کر مرجانے کے معاملے میں وزیر اعلی نتیش کمار کو زد میں لیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو بتانا چاہیے کہ اچھی حکومت میں ابھی تک مظفر پور حادثے کے ملزمین کیوں فرار ہیں؟مسٹر یادو نے آج یہاں ٹوئٹ کیا کہ ”گڑگاؤں کے ایک پرائیویٹ اسکول میں بہار کے ایک معصوم طالب علم کا بدقسمتی سے گلا ریت کر قتل کردیاگیاتھا۔ تب نتیش کمار نے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے ہریانہ کے وزیر اعلی کو فون کرکے صحافیوں کو بتایا تھا ۔ یہاں بہار میں بی جے پی لیڈر نے 9طالب علموں کو ہلاک کردیا ہے لیکن ملزمین ابھی تک فرار ہیں کیوں کہ ان کا ضمیر سویا ہوا ہے ۔واضح رہے کہ مظفر پور ضلع کے میناپور علاقہ کے دھرم پور میں سنیچر کے روز ایک تیز رفتار بولیرو سے کچل کر 9 بچوں کی موت ہوگئی تھی۔