حیدرآباد۔ 3 اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی فلور لیڈر جی کشن ریڈی اور جی ایچ ایم سی عہدیدار آج اس وقت پریشان کن صورتحال کا شکار ہوگئے جب ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے پہونچنے پر شہد کی مکھیوں نے ان پر حملہ کردیا۔ یہ واقعہ آج صبح اس وقت پیش آیا جب کشن ریڈی متعلقہ ڈپٹی میونسپل کمشنر کے ہمراہ باغ عنبر پیٹ علاقہ وائبھو نگر میں واقع ایک پارک پہونچے تھے۔ وہاں پر اچانک شہد کی مکھیوں کا جھنڈ رکن اسمبلی عنبرپیٹ کشن ریڈی اور دیگر عہدیدار پر ٹوٹ پڑا۔ جس کے نتیجہ میں وہ وہاں سے بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ رکن اسمبلی اور عہدیداروں نے پارک کے ایک کمرہ میں پناہ لی لیکن جب تک رکن اسمبلی کے پی اے، گن مین اور مقامی بی جے پی قائدین کو شہید کی مکھیوں نے اپنا نشانہ بنادیا۔ کچھ دیر تک پارک کے کمرہ میں خود کو بند کرلینے کے بعد بی جے پی کے فلور لیڈر وہاں سے روانہ ہوگئے۔