بی جے پی لیڈر کا قتل : 4افراد گرفتار

گریٹرنوئیڈا۔8جون ( سیاست ڈاٹ کام ) دادری کے علاقہ میں نگرپنچایت کی صدرنشین گیتا پنڈت کے شوہر وجئے پنڈت کے قتل کے سلسلہ میں جو بی جے پی قائد تھے پولیس نے چار افراد کو حراست میں لے لیا اور گوتم بدھ نگر ضلع میں امتناعی احکام نافذ کردیئے ۔ کل رات 4افراد نے پنڈت کو گولی مار دی تھی انکے حامیوں نے دادری پولیس اسٹیشن کے قریب 16 گاڑیوں کو نذرآتش کیا اور پولیس پر سنگباری کی تھی جس کی وجہ سے پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنی پڑی تاکہ احتجاجیوں کو منتشر کیا جاسکے ۔ دو گروپس کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں۔ قومی شاہراہ پر بی جے پی کارکنوں نے ناکہ بندی کردی تھی۔ لکھنو کی اطلاعات کے بموجب چیف منسٹر یو پی اکھلیش یادو نے بی جے پی قائد کے ورثا کو تیقن دیا ہے کہ قتل کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائیگا ۔ انہوں نے سینئر عہدیداروں کو فوری موقع واردات پر پہنچنے ‘ تفصیلی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی۔