بی جے پی لیڈر قتل کے مقدمہ میںتین ڈاکٹرس گرفتار

مظفر نگر۔/13جون، ( سیاست ڈاٹ کام )پولیس نے آج یہاں تین ڈاکٹرس کو جن پر بی جے پی لیڈر کے قتل کے ملزم کو پناہ دینے کا الزام ہے ، گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق بی جے پی کے مقامی لیڈر ویر سنگھ جنہیں 10جون کو مبینہ طور پر گولی مار کر ہلاک کردیا گیاتھا کے ملزم کو مذکورہ ڈاکٹروں پر اپنے دواخانہ میں پناہ دیتے ہوئے اس کا علاج کرنے کا الزام ہے۔ سرکل آفیسر مہیش مشرا کے مطابق تینوں ڈاکٹرس ادیب کوٹپال جوکہ خانگی دواخانہ کا مالک ہے اور اس کے دو ساتھی کرشنا کمار اور رام کمار کو گذشتہ روز میر پور ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں ڈاکٹروں کو ملزم مونو کو بغیر پولیس کو اطلاع کئے اپنے دواخانہ میں پناہ دینے اور اس کے علاج کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مونو جس نے 10جون کو ویر سنگھ کو تابڑتوڑ گولی چلاتے ہوئے ہلاک کردیا تھا بعد میں اس نے اپنے آپ کو زخمی کرتے ہوئے دواخانہ میں علاج کیلئے شریک ہوگیا تھا۔مہلوک47سالہ ویر سنگھ جنہیں فوجی کے نام سے جانا جاتا تھا ایک ریٹائرڈ فوجی اور مقامی بی جے پی یونٹ کے وائس پریسیڈنٹ تھے۔

ٹی ایم سی رکن پارلیمان کی رہائش گاہ کی سی بی آئی تلاشی پر مذمت
کولکتہ۔/13جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس نے آج پارٹی کے رکن راجیہ سبھا دیبابرتابندواپادھیائے کی دہلی میں واقع رہائش گاہ کی سی بی آئی کی جانب سے تلاشی لئے جانے کی سخت مذمت کی ہے اور اسے اہم اپوزیشن کے خلاف حکومت کی انتقامی سیاسی کارروائی سے تعبیر کیا ہے۔ ترنمول کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ سینئر ترنمول کانگریس ایم پی دیبابرتا بندواپادھیائے کی رہائش گاہ کی جس طرح سے اچانک اور بغیر کسی اطلاع کے سی بی آئی کی جانب سے چند کاغذات کے بہانے تلاشی لی گئی ہے وہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس حرکت کی سختی سے مذمت کرتی ہے اوراسے اہم اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائی قرار دیتی ہے۔