بی جے پی قومی عاملہ سے سمرتی ایرانی ، ہیما مالنی اور نجمہ ہبت اللہ خارج

نئی دہلی 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزراء سمرتی ایرانی اور نجمہ ہبت اللہ اور رکن پارلیمنٹ سابق اداکارہ ہیما مالنی کو بی جے پی قومی عاملہ سے خارج کردیا گیا۔ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے پارٹی کے اعلیٰ سطحی کمیٹیوں میں سے ایک میں ردوبدل کرتے ہوئے سریش پربھو اور ویریندر سنگھ کو شامل کیا جو موجودہ مرکزی وزراء بھی ہیں۔ اُنھوں نے تمام اعلیٰ سطحی قائدین بشمول وزیراعظم نریندر مودی، اٹل بہاری واجپائی، ایل کے اڈوانی، مرلی منوہر جوشی اور سینئر وزراء راجناتھ سنگھ ، سشما سوراج، ارون جیٹلی اور وینکیا نائیڈو کو بحیثیت ارکان برقرار رکھا۔ وزراء وی کے سنگھ، راؤ اندرجیت سنگھ او سبرامنیم سوامی کو 178 رکنی قومی عاملہ میں بطور ارکان شامل کیا گیا۔ امکان ہے کہ اپریل کے پہلے ہفتہ میں بنگلور میں قومی عاملہ کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ تمام ریاستی وزرائے اعلیٰ، نائب وزرائے اعلیٰ اور وہ جو 27 مستقل مدعوئین ہیں اور 40 خصوصی مدعوئین ہیں، اُنھیں شامل کرلیا گیا۔ نئی فہرست میں جن افراد کو خارج کیا گیا، اُن میں سابق وزیر دفاع کے فرزند منویندر سنگھ بھی شامل ہیں۔ نئے ارکان میں مرکزی وزراء نتن گڈکری، اننت کمار، تھاورچند گہلوٹ، جگت پی نڈا، روی شنکر پرساد، کلراج مشرا، نریندر سنگھ ٹومر، ہرش وردھن، بنڈارو دتاتریہ اور رادھا موہن سنگھ شامل ہیں۔ دیگر ممتاز قائدین یشونت سنہا، ونئے کٹہیار، سی پی ٹھاکر، جوول اورم، ایس ایس اہلووالیہ، وجئے ملہوترہ، حکم دیو نارائن سنگھ، ایل گنیشن، لال جی ٹنڈن، جی راج گوپال، تتھاگٹ رائے اور گلاب چند کٹاریا شامل ہیں۔