70 کروڑ عوام پر مشتمل نئے طبقہ کی ترقی کا عہد، راجستھان میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز، راہول گاندھی کا ریلی سے خطاب
ٹونک ۔ 10 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات کے لئے راجستھان میں اپنی پارٹی کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے آج دعویٰ کیا کہ یو پی اے حکومت نے 15 کروڑ عوام کو غریبی کی سطح سے اوپر اٹھایا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ 70 کروڑ عوام کا ایک نیا طبقہ ابھرا ہے جو متوسط طبقہ کی سطح سے نیچے ہے اور ان کی پارٹی (کانگریس ) اس طبقہ کی فلاح و بہبود کے لئے سیاست کرنا چاہتی ہے ۔ مسٹر گاندھی نے ضلع ٹونک کے دیولی علاقہ میں کانگریس کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 سال کے دوران عوام کا ایک نیا طبقہ ابھارا گیا ہے جو غریبی کی سطح سے اوپر تو ہے لیکن اوسط طبقہ کی سطح سے کم ہے ۔ اس طبقہ سے تعلق رکھنے والوں میں سکیورٹی گارڈس ، ٹیکسی ڈرائیورس وغیرہ شامل ہیں‘‘۔ راہول گاندھی نے مزید کہا کہ ’’ہم اس طبقہ سے تعلق رکھنے والے عوام پر سیاست کرنا چاہتے ہیں تاکہ انھیں بھی اوسط طبقہ کی سطح تک اوپر اٹھایا جاسکے ‘‘۔ لوک سبھا انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد راجستھان میں راہول گاندھی کی یہ پہلی ریلی تھی جس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے وعدہ کیا کہ اُن کی پارٹی (کانگریس) غریبوں کو فراموش نہیں کریگی اور کہا کہ ’’ہم عوام کو بااختیار بنانے ، غریبی سے باہر نکالنے ، انھیں عزت و احترام ، حقوق ، تعلیم اور روزگار دلانے کیلئے سیاست کرتے ہیں‘‘۔ کانگریس کے نائب صدر نے بی جے پی پر تنقید کی اور کہا کہ اس پارٹی کے قائدین رشوت کی باتیں کرتے ہیں لیکن انھیں کرناٹک ، راجستھان اور گجرات میں خود اپنی ہی حکومتوں میں رشوت کیوں نظر نہیں آتی ۔
راہول گاندھی نے کہا کہ راجستھان میں ماضی کی بی جے پی حکومت رشوت ستانی میں سرفہرست تھی اور موجودہ ریاستی بی جے پی حکومت بھی ماضی کے اس عمل کو دوہرانے کی کوشش کررہی ہے لیکن ہمارے ورکرس ایسا ہونے نہیں دیں گے بلکہ سڑکوں اور دیہاتوں انھیں ( بی جے پی کو ) بے نقاب کریں گے ‘‘ ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ راجستھان میں ہماری حکومت کی طرف سے شروع کردہ مفت ادویات تقسیم ، پنشن اور ایسی ہی دیگر کئی اسکیمات کو ختم کرنا بی جے پی حکومت کی خواہش ہے ۔ وہ ( بی جے پی ) صرف صنعتکاروں ، تاجرین اور دولتمند افراد کیلئے حکومت چلانا چاہتی ہے لیکن ہم غریبوں کے لئے اپنی لڑائی جاری رکھیں گے کیونکہ ہم ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ عوام کو تعلیم و روزگار کی فراہمی کیلئے کانگریس اپنا کام جاری رکھے گی ۔ راہول کی اس ریلی میں جس میں عوام کی کثیرتعداد نے شرکت کی اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری گروداس کامت ، پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور مرکزی وزیر سچن پائلٹ ، سابق چیف منسٹر اشوک گہلوٹ اور کانگریس کے دیگر کئی سینئر قائدین موجود تھے ۔