بی جے پی سے تلگودیشم کی مفاہمت پر اجتماعی فیصلہ کو ترجیح: کشن ریڈی

حیدرآباد۔/26مارچ، ( پی ٹی آئی) تلگودیشم اور بی جے پی کے مابین انتخابی مفاہمت پر جاری شش و پنج کے درمیان بی جے پی تلنگانہ یونٹ کے صدر جی کشن ریڈی ایم ایل اے نے آج کہا کہ ان کی پارٹی مفاہمت جیسے مسئلہ پر اجتماعی فیصلہ کرے گی۔ تاہم انہوں نے چند تلگودیشم قائدین کے ان تبصروں پر تنقید کی کہ چند بی جے پی قائدین دونوں جماعتوں کے مابین مفاہمت کی راہ میں رخنہ اندازی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے امیدواروں کے انتخاب کا عمل شروع کرچکی ہے اور تلگو سال نو اگادی سے قبل امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی، پارٹی کے صدر راجناتھ سنگھ کے علاوہ سشما سوراج اور دیگر سینئر قائدین اپریل کے دوسرے ہفتہ کے دوران تلنگانہ میں انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔