بی جے پی سے اتحاد کے باوجود تلگودیشم کا سکیولر کردار برقرار

چندرا بابو نائیڈو کا ادعا ۔ سیما آندھر امیں انتخابی مہم کیلئے بس کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا

حیدرآباد۔/10اپریل ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو نے ادعا کیا کہ بی جے پی سے اتحاد کے باوجود تلگودیشم کے سیکولر کردار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلگودیشم اپنے سیکولر اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ مسٹر نائیڈو انڈسٹریل انوسٹمنٹ ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے تلگودیشم کے حق میں انتخابی مہم کیلئے بس یاترا کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ مسٹر نائیڈو نے بتایا کہ تلگودیشم نے ملک اور ریاست کی بہتری اور عوامی مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بی جے پی سے اتحاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ان سے شخصی طور پر اتحاد کے متعلق استفسار کرے تو وہ وضاحت کرنے کے موقف میں ہیں۔ انہوں نے تلگودیشم قائدین و کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ سے گریز کریں۔ مسٹر نائیڈو نے بتایا کہ تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد ریاست اور ملک میں بہتر و مستحکم حکمرانی کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تلگودیشم کا مقصد ملک کی ترقی اور کانگریس کو اقتدار سے دور رکھنا ہے چونکہ کانگریس نے اقتدار کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منقسم ریاست میں تلگودیشم کو کسی اور جماعت سے مقابلہ نہیں ہے اور تلنگانہ میں بھی تلگودیشم کے بہتر مظاہرہ کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلگودیشم نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترقی کے ایجنڈہ کی حمایت کی ہے اور اسی بنیاد پر اتحاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر اگر جائزہ لیا جائے تو جس ملک میں مستحکم حکومت نہیں رہی وہ ملک تباہی کا شکار ہوا۔ انہوں نے جنوبی کوریا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا میں مستحکم حکمرانی کے سبب جنوبی کوریا دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوچکا ہے جبکہ شمالی کوریا میں حکومت مستحکم نہ ہونے کی وجہ سے حالات انتہائی ابتر ہیں۔ مسٹر نائیڈو نے بحران کو دور کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو بحران کی صورتحال سے باہر نکالنا وقت کی اہم ضرورت ہے چونکہ ہندوستان کی تباہی کیلئے صرف کانگریس ذمہ دار ہے جو کہ بدعنوان قائدین کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے۔ انڈسٹریل انوسٹمنٹ ڈیولپمنٹ فورم کے ذمہ داران اور بعض آئی ٹی صنعت سے وابستہ لوگ تلگودیشم کے حق میں سیما آندھرا کے علاقوں میں مہم چلانے کا اعلان کرچکے ہیں ۔ مسٹر نائیڈو نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ سال 2014کے انتخابی نتائج چونکا دینے والے ہوں گے اور این ڈی اے کو زائد از 300نشستیں حاصل ہوں گی۔