انتخابی مہم مل جل کر چلانے پارٹی قائدین کو ہدایت
حیدرآباد 11 مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں ہونے والے انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کیلئے صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو کی جانب سے سبز جھنڈی دینے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔ انتخابی مفاہمت کے مسئلہ پر اضلاع سے آئے ہوئے بعض قائدین نے یہ دریافت کرنے پر کہ آیا انتخابات میں سی پی آئی و سی پی آئی ایم کے ساتھ ہی ملکر کام کرنا ہوگا؟ فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اِن اضلاع کے قائدین کو بی جے پی کے ساتھ ملکر کام کرنے کی مسٹر نائیڈو نے واضح ہدایات دی ہیں۔ تلگودیشم پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ مسٹر چندرابابو نائیڈو نے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ بھی ریاست بھر میں پارٹی کے تمام اہم قائدین کو بی جے پی کے ساتھ ملکر کام کرنے کی ہدایت دیئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق بلدی انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ ملکر کام کرنے کا مسٹر نائیڈو نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا
اور ساتھ ہی ساتھ کانگریس، وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ساتھ کسی بھی صورت میں ملکر کام نہ کرنے کی سخت ہدایات دی ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی طور پر بی جے پی قائدین سے کوئی مسائل و مشکلات درپیش ہوں تو انھیں مطلع کرنے کی بھی ہدایت دی۔ مسٹر چندرابابو نائیڈو نے اہم قائدین کو طلب کرکے علیحدہ علیحدہ طور پر بات چیت کررہے ہیں اور بی جے پی کے ساتھ ملکر مقابلہ کرنے کے مسئلہ پر ان قائدین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مشورے حاصل کررہے ہیں اور اس بات سے قائدین کو واقف کروارہے ہیں کہ سیما آندھرا کو ترقی دینے کیلئے مرکزی حکومت کی مدد درکار ہوگی۔ لہذا بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کو ضروری بتاتے ہوئے قائدین کو واضح طور پر بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کے اشارے دے رہے ہیں۔ اور قائدین کو اس بات کی بھی ہدایت دے رہے ہیں کہ فی الوقت بی جے پی و تلگودیشم پارٹی کے ساتھ انتخابی مفاہمت بلدی انتخابات تک جاری رکھیں اور ان بلدی انتخابات میں صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کو قطعیت دینے کی اطلاعات ہیں۔