بی ایس پی اور ایس پی نے دو دہائیوں تک مخصوص ذاتوں کی ترقی کے لیے کام کیا
بلرام پور ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے پنجشنبہ کو عوام سے کہا کہ مودی کو دوبارہ اقتدار پر واپس لایا جائے کیوں کہ صرف مودی ہی ملک کی سلامتی کو یقینی بنا سکتے ہیں ۔ انہوں نے سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی پر بھی الزام لگایا کہ وہ بعض ذاتوں کی تائید کررہی ہیں اور ان ہی کے لیے کام کررہی ہیں اور اس کے برعکس بی جے پی ’ سب کا ساتھ ’ اور سب کا وکاس کے جادو پر ایقان رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی ہی میں صلاحیت پائی جاتی ہے کہ وہ ملک کو محفوظ رکھ سکیں اور آئندہ بھی دہشت گردوں کو سبق سکھا سکیں ۔ انہوں نے مودی کو 56 انچ کے سینے کا حامل انسان قرار دیا ۔ انہوں نے پر روز انداز میں کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے پر جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی حامل دستور کی دفعہ 370 کو منسوخ کردیا جائے گا ۔ انہوں نے راہول گاندھی سے لے کر اکھلیش یادو تک تمام حزب مخالف کے قائدین کا مذاق اڑایا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے بہت زیادہ ترقیاتی کام کیے ہیں کہ مگر آپ اگر مودی کو صرف کسی ایک کام کے لیے انہیں ووٹ دینا چاہتے ہیںتو وہ ان کا قومی سلامتی کا کام ہے ۔ انہوں نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کو ہدف بناتے ہوئے کہا کہ جب دہشت گرد سرحد عبور کر کے ہندوستانی سپاہیوں کو نشانہ بنایا کرتے تھے اس وقت منموہن سنگھ کا کوئی ردعمل ظاہر نہیں ہوتا تھا ۔ یہ بات انہوں نے حزب مخالف پر حملہ کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے ایس پی اور بی ایس پی کو بھی لتھاڑا اور کہا کہ یہ دونوں علاقائی جماعتیں ذات پات اور خاندانی حکمرانی کے لیے مختص ہو کر رہ گئی ہیں اور صرف کسی ایک ذات کی ترقی کے لیے انہوں نے اپنے دور اقتدار میں کام کیا ۔ جب ایک پارٹی اقتدار میں رہتی ہے تو صرف ایک ہی ذات کی ترقی کا کام انجام دیتی ہے اور جب دوسری پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو وہ بھی ایک مخصوص ذات کی ترقی کے لیے کام کرتی ہے ۔۔امیت شاہ نے سنت کبیر ، سدھارتھ نگر ، بالرام پور میں بھی جلسہ عام سے خطاب کئے۔