ہبلی ۔ 24 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دائیں بازوکی تنظیم سری رام سینا کے متنازعہ سربراہ پرمودمتالک نے بی جے پی مرکزی قیادت کے اُن کی رکنیت مسترد کئے جانے کو جلد بازی میں کیا گیا فیصلہ قرار دیتے ہوئے نظرثانی کی خواہش کی ۔ انھیں کل بی جے پی میں شامل ہونے کے فوری بعد پارٹی رکنیت سے خارج کردیا گیا تھا ۔ وہ آج پریس کانفرنس میں اچانک رو پڑے اور کہا کہ پارٹی کو اس فیصلے کی وجوہات بتانے ہوگی ۔ انھوں نے روتے ہوئے کہا کہ آج تک انھوں نے کوئی جائیداد نہیں بنائی ، اپنے باپ کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کرسکے اور علیل ماں پر توجہ نہیں دے سکے ۔ اُن کی زندگی صاف ستھری رہی پھر اُن کے ساتھ ایسا سلوک کیوں کیا جارہا ہے ؟ انھوں نے آخر کیا جرم کیا ہے ۔