بی جے پی رتھ یاترا دراصل راون یاترا :ممتا بنرجی

کولکاتا5 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)مغربی بنگال میں بی جے پی کی رتھ یاترا 7دسمبر سے شروع ہورہی ہے ۔اس درمیان وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کی رتھ یاتر در اصل راون یاترا جس کا مقصد ریاست میں ماحول کو خراب کرنا ہے ۔ مشرقی مدنی پور میں منعقد ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا علیٰ نے کہا کہ کیا ملک میں ہندوستان کی آزادی کے بعدہندو نہیں رہتے تھے ۔کیا لوگ اس سے قبل ہندو مذہب پر عمل نہیں کرتے تھے ؟۔ممتا بنرجی نے سوال کیا کہ آخر ہندؤں کے نام پر بی جے پی کیوں سیاست کررہی ہے ۔جب کہ ہندوستان میں ہندؤں کی اکثریت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی جس ہندو ازم کا پرچار کررہی ہے وہ اصل ہندو ازم ہے ہی نہیں۔ہندو ازم میں تمام مذاہب کا احترام شامل ہے ۔متا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی رتھ یاترا کے ذریعہ بنگال میں فرقہ واریت کو پھیلانا چاہتی ہے ۔ ممتا بنرجی نے الزام عاید کیا کہ بنگال میں بی جے پی ہندو اور مسلمانوں کے درمیان تفریق پیدا کرنا چاہتی ہے ۔مگر ہم کسی بھی صورت میں اس کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گاؤں میں لوگ پرامن طریقے سے رہ تے ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ و درد میں شریک ہوتے ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ گاؤں میں امن کے ماحول کو بگاڑنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ ممتا بنرجی نے اترپردیش کے بلند شہر میں ہوئے پولس آفیسر کی موب لنچنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں خاص فرقہ کے لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔جو آفیسر جانچ کررہے تھے اس کو ہی ہلاک کردیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اترپردیش میں انکاؤنٹر کے نام پر بے قصور افراد کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کو کسان مخالف قراردیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ملک کے جن جن ریاستوں میں حکومت ہے وہاں اب تک 12ہزار کسانوں نے خودکشی کرلی ہے ۔بی جے پی کسانوں اور عوام کے مفادات پر توجہ دینے کے بجائے صرف فرقہ پرستی پر اپنی توجہ مبذول کررکھی ہے ۔کیوں کہ ان کے پاس کوئی ایسا کام نہیں ہے جو عوام کو بتاسکے ۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ بنگال کے عوام ان کے دام فریب میں نہیں آنے والے ہیں اور فرقہ واریت پھیلانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔