جئے پور میں یوتھ کانگریس کے اجلاس سے راہول گاندھی کا خطاب
جئے پور ۔ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے یوتھ کانگریس کے کارکنوں پر زور دیا ہیکہ رافیل معاملت میں ہونے والی رشوت ستانی کے مسئلہ کو دیہی سطح تک پہنچائیں۔ اس دوران ان کی پارٹی (کانگریس) ڈسمبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے پوری طرح سرگرم و متحرک ہوچکی ہے۔ راجستھان یوتھ کانگریس کے صدر اشوک چندنا نے پی ٹی آئی سے کہا کہ کانگریس کے صدر بی جے پی حکومت کو بے نقاب کرنے پر توجہ مرکوز کررہے ہیں کیونکہ یہ حکومت رافیل معاملت جیسے رشوت ستانی کے واقعات میں ملوث ہے۔ راہول گاندھی نے مہاسنکلپ ریلی سے خطاب کیلئے بیکانیر روانہ ہونے سے قبل یوتھ کانگریس کی قومی عاملہ کے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے منگل کو اضلاع دھولپور، بھرت پور اور داوسا میں عام جلسوں سے خطاب کیا تھا۔ جئے پور میں منعقدہ یوتھ کانگریس اجلاس کے بعد اشوک چندن نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی بڑے صنعتکاروں کو فائدے پہنچا رہے ہیں لیکن غریبوں اور کسانوں پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں اور یہی وہ بات ہے جو راہول گاندھی چاہتے ہیں کہ یوتھ کانگریس کے کارکنوں کی طرف سے ملک کے ہر گاؤں تک پہنچائی جائے۔ راہول نے یوتھ کانگریس پر زو دیا کہ پارٹی کے نظریہ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک میں جمہوریت کو مستحکم بنانے کے کام کیلئے وقف ہوجائیں۔ اس موقع پر راجستھان پردیش کانگریس کے صدر سچن پائلٹ، سابق چیف منسٹر اشوک گہلوٹ، یوتھ کانگریس کے قومی صدر کیشوچند یادو اور دوسرے بھی موجود تھے۔