بی جے پی حکومت پسماندہ طبقات کے طلبہ سے غداری کررہی ہے: یوپی کے ناراض وزیر

لکھنؤ ۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ایک وزیر کی جانب سے بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی کی بھرپور ستائش اور بعدازاں اس سے دستبرداری کے ایک دن بعد ایک اور کابینی رکن نے یوگی ادتیہ ناتھ حکومت کیلئے پریشانی کھڑی کرتے ہوئے اس پر الزام عائد کیا کہ وہ پسماندہ طبقہ کے طلبہ کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے۔ یوپی کے وزیر برائے بہبود پسماندہ طبقات اوم پرکاش راج بھر نے کہا کہ میں کسی بھی وقت حکومت سے مستعفی ہونے کیلئے تیار ہوں۔ اگر مجھ سے اس کی خواہش کی جائے۔ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے رکن نے جو بی جے پی کی ایک حلیف ہے، شکایت کی کہ طلبہ کو ان کیلئے مختص وظائف حاصل نہیں ہورہے ہیں۔ 26 لاکھ پسماندہ طبقات کے طلبہ میں سے 11 لاکھ ہنوز اس سے محروم ہیں۔ راج بھر نے حال ہی میں بی جے پی کو پریشان کرتے ہوئے راجیہ سبھا انتخابات کیلئے ایک امیدوار کی تائید پر تنقید کی تھی اور سوال کیا تھا کہ کیا ایس بی ایس پی 2019ء سے انتخابات تک بی جے پی کے ساتھ اپنا اتحاد برقرار رکھے گی۔