بی جے پی تلنگانہ بل کی اندھی تائید نہیں کرے گی : مرلیدھر

وجئے واڑہ ۔ 27جنوری ( پی ٹی آئی ) بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری پی مرلیدھر راؤ نے آج کہا کہ سیما آندھرا علاقہ کی فکرو تشویش دور نہ کئے جانے تک اُن کی پارٹی کسی تلنگانہ بل کی ہرگز کوئی تائید نہیں کرے گی ۔ مرلیدھر راؤ نے کہا کہ ’’ سیما آندھرا کے عوام کی تشویش جب تک دور نہیں کی جاتی بی جے پی آنکھ بند رکھ کر تلنگانہ بل کی اندھی تائید نہیں کرے گی ‘‘ ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بی جے پی علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے عہد کی پابند ہے ۔ آندھراپردیش تنظیم جدید بل 2013ء کی پارلیمنٹ میں منظوری سے قبل اُس کا مکمل تجزیہ ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کے تمام علاقوں کے عوام سے انصاف کو یقینی بنانے کیلئے بل کے مواد پر مکمل بحث کی جانی چاہیئے ۔ مرلیدھر راؤ نے ایک سوال پر جواب دیا کہ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کو حکمرانی پر کوئی یقین نہیں ہے وہ صرف نیراج اور افراتفری جانتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دہلی میں سیاسی استحکام اور ترقی چاہتی ہے کیونکہ عام آدمی پارٹی کی حکومت عوام کی اُمنگوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ عام انتخابات سے قبل قومی سطح پر مفاہمت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ تاحال کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی انتخابی مفاہمت کے بارے میں کوئی بات چیت کی جارہی ہے ۔ بی جے پی لیڈر مرلیدھر راؤ نے کا کہا کہ تلگودیشم پارٹی کے صدر چندرا بابو نائیڈو اور انا ڈی ایم کی سربراہ جیاللیتا کی ملاقاتیں محض خیرسگالی نوعیت کی تھی ‘ اُس دوران انہوں نے مفاہمت کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں کی تھی ۔