بی جے پی ‘ اندرا گاندھی کی اہمیت گھٹانے کوشاں

31 اکٹوبر کو ایکتا دیوس منانے پر تنقید ۔ ڈگ وجئے سنگھ کا رد عمل
وجئے واڑہ ۔ یکم نومبر ( پی ٹی آئی ) کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج الزام عائد کیا کہ 31 اکٹوبر کو راشٹریہ ایکتا دیوس بضمن یوم پیدائش سردار ولبھ بھائی پٹیل منانے کا اعلان کرتے ہوئے بی جے پی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے مقام کو گھٹانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف اندرا گاندھی کی عظیم قربانیوں سے توجہ ہٹانے بی جے پی نے سردار پٹیل کی یوم پیدائش تقاریب کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سردار پٹیل کی یوم پیدائش تقاریب منائی جاتی ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن جب سابقہ حکومتوں نے 31 اکٹوبر کو اندرا گاندھی کے قتل کے دن یوم قومی یکجہتی کا اعلان کردیا ہے تو پھر ہمیں ایک تنازعہ پیدا کرنے کی ضرورت کیا ہے ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آر ایس ایس ۔ بی جے پی کا شیطانی منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے گاندھی جی کو بھی صرف صفائی مہم تک محدود کردیا ہے ۔ ان کا روایتی چشمہ صرف سوچھ بھارت مہم کا حصہ بن گیا ہے لیکن ان لوگوں نے گاندھی جی کو ایک ایسے شخص کے طور پر یاد نہیں رکھا ہے جو سچائی اور عدم تشدد میں یقین رکھتے تھے ۔ وہ امن کے پیامبر تھے اور یہی دنیا بھر میں ان کی شناخت ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو پر خصوصی زمرہ کا موقف ترک کردینے پر تنقید کی اورکہا کہ انہوں نے ریاست کے مفادات پر سمجھوتہ کرلیا ہے ۔ یہ بی جے پی کے ساتھ سمجھوتہ ہے ۔ انہوں نے بیرونی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی نائیڈو پر تنقید کی ۔