بی جے پی اقتدار پر ورکنگ کلاس طبقہ پر منفی اثر

اے آئی ٹی یو سی کی مئی ڈے تقریب ، ڈاکٹر کے نارائنا و دیگر کا خطاب

حیدرآباد۔یکم مئی(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاکے اسٹیٹ سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے مئی ڈے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ورکنگ کلاس طبقہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی روک تھام کے لئے کانگریس اور بی جے پی دونوں کو اقتدار سے دوررکھنے کی ضرورت پر زوردیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی محاذی تنظیم اے آئی ٹی یو سی کے زیر اہتمام منعقد مئی ڈے کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کے نارائنہ نے کہاکہ برسوں قبل شکاگو میںیکم مئی کو ورکنگ کلاس طبقہ کے لئے آٹھ گھنٹے کی ملازمت کے لئے تاریخ ساز احتجاج شروع کیاگیا تھا باوجو د اسکے آج تک بھی دنیا بھر میں ورکنگ کلاس طبقہ کے ساتھ انصاف کی امیدیں نظر نہیںآتی۔ مسٹر کے نارائنہ نے مزید کہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ہی ایک واحد سیاسی جماعت ہے جس کی بنیادیں ورکنگ کلاس طبقہ اور عام شہری کے حقوق کی جدوجہد پر رکھی گئی ہیں۔سابق رکن پارلیمان جناب سیدعزیزپاشاہ نے مئی ڈے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پبلک سکیٹر اداروں کو خانگی شعبوں میں تبدیل کرنے کی وزارت بھی این ڈی اے دور حکومت میںہی قائم کی گئی جو آج بھی کارکرد ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے سے ورکنگ کلاس طبقہ پر برا اثر پڑے گا۔انہوں نے ممبئی او ر جمشید پورکی مثالیںپیش کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ علاقوں میںسی پی آئی کی محاذی تنظیم اے آئی ٹی یو سی کے ایک اعلان پر بڑے بڑے تجارتی ادارے بند ہوجاتے تھے مگر ملازمین کے اتحاد اور طاقت کو توڑنے کے لئے ان علاقوں میںشیو سینا کو کانگریس اور بی جے پی نے مددفراہم کی جس کے سبب ملازمین کے درمیان فرقہ منافرت میںبھی اضافہ ہوا اور مزدور پیشہ طبقہ کا اتحاد بکھرنے لگا۔چاڈا وینکٹ ریڈی‘ صدر اے آئی ٹی یوسی محمد یوسف کے علاوہ دیگر نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا ۔ تقریب کے آغازسے قبل اے آئی ٹی یو سی کے دفتر واقع حمایت نگر پر پارٹی پرچم کشائی انجام دی گئی بعد ازاں حمایت نگر تا رام کوٹ ایک عظیم الشان ریالی بھی نکالی گئی جس میںاے آئی ٹی یو سی کے سینکڑوں کارکنوں نے حصہ لیا۔