بی جے پی اقتدار میں ملک کو سنگین خطرات

اچھے دن کی بجائے برے دن آگئے ۔ چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد۔24 مئی (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو ہدف ملامت بنایا اور وزیراعظم نریندر مودی کی قلعی کھول دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں اچھے دن کی بجائے بُرے دن آگئے ہیں۔ نوٹ بندی کے ذریعہ عوام کو وزیراعظم نے سنہرے خواب دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ملک بھر میں بلیک منی کو روکنے اقدامات کئے گئے لیکن آج حقیقت یہ ہے کہ عوام کی جمع کردہ رقومات وقت پر فراہم نہیں ہورہی ہیں۔ بینکوں میں رقومات نہیں ہیں جس کے نتیجہ میں عوام کا بینکوں پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ علاوہ ازیں ملک میں کئی بینکس خسارہ سے دوچار ہیں ۔ کئی بینکس مالی بے قاعدگیوں میں ملوث ہیں۔ من مانی انداز میں ہزاروں کروڑ روپیوں کے قرضہ جات فراہم کئے گئے جس کی وجہ سے کئی دھوکہ باز ملک سے راہ فرار اختیار کرچکے ہیں اور بی جے پی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک کو ترقی دینے کے بجائے ملک کو سنگین خطرات کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، بالخصوص تلگو ریاستوں سے بی جے پی حکومت ناانصافیاں کررہی ہے جبکہ بی جے پی زیرقیادت ریاستوں میں من مانی رقومات فراہم کررہی ہے ۔ مرکزی حکومت کا آندھرا پردیش کو کوئی فائدہ نہیں پہونچا بلکہ نقصانات ہوئے ۔ ان نقصانات کی پرواہ کئے بغیر تلگو دیشم حکومت، بی جے پی کے خلاف جدوجہد کو کسی سمجھوتے کے بغیر جاری رکھے ہوئے ہے اور حصول انصاف تک جدوجہد کو جاری رکھا جائیگا ۔